Tag: zam zam water

  • زم زم کے نام سے جعلی پانی فروخت کرنے والے ملزم کی ڈھٹائی

    زم زم کے نام سے جعلی پانی فروخت کرنے والے ملزم کی ڈھٹائی

    استنبول : ترکیہ میں عام نلکے کے پانی کو زم زم کے مقدس نام سے مہنگے داموں فروخت کرنے والا دھوکہ باز قانون کی گرفت میں آگیا۔

    ملزم نے پکڑے جانے پر انتہائی ڈھٹائی سے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرے گاہکوں کو ملاوٹ شدہ پانی پینے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو عام نلکے کے پانی کو زم زم کے نام سے لوگوں کو فروخت کرکے ان سے پیسے بٹورنے کا دھندہ چلا رہا تھا۔

    اس دھوکہ باز اور فراڈیے شخص کی گرفتاری کی خبر پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر بھی بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

    یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اضنہ شہر کی پولیس کو ایک ایک خفیہ اطلاع پر واٹر فیکٹری میں کی جانے والی دھوکہ دہی کا علم ہوا۔

    ملزم علاقے میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد کو نلکے کے پانی کی بوتلیں زمزم کے پانی کے طور پر بیچ رہا تھا اور یہ دعویٰ کررہا تھا کہ اس پانی کو مکہ مکرمہ سے درآمد کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس نے روزانہ تقریباً 6لاکھ لیرے (64,000 ریال کے برابر) "ملاوٹ شدہ” پانی فروخت کرکے کمائے۔

    پولیس نے جب فیکٹری مالک سے اس بارے میں باز پرس کی تو اس نے جرم کا اعتراف کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کی بلکہ ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پانی سے میرے گاہک بہت مطمئن ہیں۔

    ملزم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسے ان لوگوں کی طرف سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جنہوں نے اس کا "ملاوٹ شدہ” پانی خریدا تھا۔

  • سعودی عرب: حجاج آب زم زم کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

    سعودی عرب: حجاج آب زم زم کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے عازمین کی سہولت کے لئے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’الزمازمہ‘ کمپنی عازمین حج کو ان کی رہائش تک آب زم زم کی فراہمی یقینی بنانے میں مصروف ہے۔

    الزمازمہ کمپنی میں فیلڈ سروس سینٹرز کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر ڈاکٹر محمد سرحان کے مطابق عازمین حج کو اگر کسی وجہ سے آب زم زم ان کی رہائش پر نہیں مل پارہا تو وہ اپنے کارڈ کے ‘کیو آر کوڈ‘ کے ذریعے آرڈر دے کر منگوا سکتے ہیں، انہیں ان کی رہائش گاہ پر فراہم کردیا جائے گا۔

    ڈاکٹر محمد سرحان کا مزید کہنا تھا کہ عازمین کے استقبالیہ مراکز پر 330 ملی لٹرزم زم کی بوتلیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ عازمین حج کو مملکت سے واپس جاتے ہوئے زم زم فراہم کیا جاتا ہے تاکہ حجاج اچھی یادیں لے کر اپنے ممالک واپس جائیں۔

    دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے رواں سال دوران حج شدید گرمی کی پیش گوئی کردی ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام نے مملکت میں حج کے ارادے سے آنے والے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اس بار جون میں حج کا سیزن آرہا ہے۔

    سعودی عرب: حج انتظامات سے متعلق ایرانی عازم نے کیا کہا؟

    سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ کے مطابق جون میں شدید گرمی ہوتی ہے اور فضا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جاتا ہے جبکہ رواں سال 24 سے 29 جون تک سال کا گرم ترین وقت ہوگا۔

  • مسجد نبویؐ میں زائرین کی سہولت کیلئے آب زم زم کا خصوصی بندوبست

    مسجد نبویؐ میں زائرین کی سہولت کیلئے آب زم زم کا خصوصی بندوبست

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے آب زم زم کے کولرز کو مستقل طور پر بھرنے کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین میں آب زم زم کی فراہمی کے شعبے کی انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ یومیہ بنیاد پر آب زم زم کے ٹینکرز ارسال کرنے کا خصوصی بندوست کیا جاتا ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں صرف روضہ الشریفہ کے مختلف مقامات پر آب زم زم کے 10 ہزار کولرز رکھے ہیں جنہیں یومیہ مستقل بنیاد پر بھرا جاتا ہے۔ کارکنان کی جانب سے کولرز میں پانی کم ہوتے ہی دوسرے کولرز سے تبدیل کردیا جاتا ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں یومیہ بنیاد پر آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اہلکاروں کی ٹیمیں کام کرتی ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کولرز میں آب زمزم کم نہ ہو۔

    آب زم زم کی مستقل فراہمی سے متعلق کارکن جہاں کولرز میں آب زم زم کی موجودگی کو یقینی بناتے ہیں وہاں ان کے ذمہ ایک بار استعمال ہونے والے کلاسوں کی فراہمی کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔

    سعودی عرب: کسی بھی جرم کی ویڈیو یا تصویر وائرل کرنے والے ہوشیار۔۔

    یاد رہے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے لیے یومیہ بنیادوں پر دسیوں ٹینکرز کے ذریعے آب زم زم فراہم کیا جاتاہے۔ زم زم کو خصوصی ٹینکوں میں اسٹور کرنے کے بعد انہیں فلٹریشن پلانٹ کے ذریعے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رکھے گئے کولرز میں بھرا جاتا ہے۔