Tag: Zaman Park

  • زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دی گئیں

    زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دی گئیں

    لاہور: ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب زمان پارک کے اطراف قائم تجاوزات ختم کر دی گئیں، متعلقہ ادارے اب زمان پارک کو اصل شکل میں بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

    زمان پارک میں ضلعی انتظامیہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر گزشتہ رات تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا، اس دوران زمان پارک اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب لگے کیمپ ختم کیے گئے، اور کنٹینر بھی ہٹائے گئے۔

    تاہم مال روڈ سے بذریعہ کینال روڈ زمان پارک آنے والے راستے بدستور بند ہیں۔

  • عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے، قافلے پر پھول نچھاور

    عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے، قافلے پر پھول نچھاور

    لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے، قافلے پر پھول نچھاور کیے گئے، انھوں نے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان لاہور پہنچ گئے ہیں، گھر پہنچنے پر اہل خانہ سے ملاقات ہوئی، عمران خان کی بہن علیمہ خان، بھانجے حسان نیازی و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

    زمان پارک میں عمران خان کے قافلے کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا، کارکنوں نے قافلے پر پھول نچھاور کیے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، آتش بازی کا شان دار مظاہرہ کیا گیا، کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، اور گھوڑوں کے رقص کا اہتمام کیا گیا۔

    اس سے پہلے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچنے پر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے قافلے کا شان دار استقبال کیا تھا۔

    قبل ازیں، عدالتی حکم کے کئی گھنٹوں بعد عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور روانہ ہونا پڑا، سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر وہ کئی گھنٹے ہائیکورٹ میں رہے۔ عمران خان کی ذاتی سیکیورٹی اور گاڑی کو عدالت تک پہنچنے نہیں دیا گیا۔ جب آئی جی اسلام آباد سے مذاکرات ناکام ہوئے تو عمران خان کو کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کرنا پڑا۔

    لاہور روانگی کے بعد عمران خان نے کہا آئی جی اسلام آباد نے پوری کوشش کی روکنے کی۔ کہہ رہے تھے بڑا خطرہ ہے۔ ہم زور لگا کر سڑک پر نکلے۔ میں نے آئی جی کو کہا کہ سارے پاکستان کو بتاؤں گا کہ تم ہمیں اغوا کر رہے ہو۔ اس پر آئی جی نے دباؤ میں آ کر ہمیں جانے دیا۔ سڑکیں خالی تھیں، اور کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے، کسی اور کرمنل کیس میں بھی گرفتاری روک دی جائے، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو القادر یونیورسٹی کیس میں بھی 31 مئی تک ضمانت دے دی ہے۔ دوسری طرف عمران خان نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے جنرل عاصم منیر سے متعلق کبھی کوئی غلط بات نہیں سوچی، اور وعدہ ہے کہ اقتدار میں آ کر بھی جنرل عاصم سے خوش گوار تعلقات رکھوں گا۔

  • زمان پارک : آئی جی پنجاب نے پولیس پیچھے ہٹانے کی وجہ بتا دی

    زمان پارک : آئی جی پنجاب نے پولیس پیچھے ہٹانے کی وجہ بتا دی

    لاہور : آئی جی پنجاب عثمان انور  نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے آنے والی پولیس کے پیچھے ہٹنے کی وجہ بیان کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہے کہ ہم نے عدالتی احکامات پر ہرصوررت عمل کرانا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، چاہتے ہیں کہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو، اہلکار زمان پارک سے فاصلے پر موجود ہیں، نفری کو تبدیل کررہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج ڈی آئی جی شہزاد بخاری وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور آئے، پنجاب پولیس نے عدالتی احکامات کے مطابق ڈی آئی جی کی معاونت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی کے ساتھ300سے زائد نفری زمان پارک بھیجی تھی، پولیس پر پتھراؤ اور پیٹرول بم حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ڈی آئی جی سے لے کر کانسٹیبل تک27اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر کارروائی کی گئی، پولیس آپریشن نہیں تھا، ہمیں عدالتیں احکامات پر عمل کرانے دیں، پولیس پرحملے کرکے لوگوں کو دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام فورس آن بورڈ ہیں، عدالتی احکامات پرعمل تو کرانا ہے، پولیس پر حملے کرنے سے قانون کی حکمرانی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

    مزید پڑھیں : پولیس کینال روڈ سے پیچھے ہٹ گئی

    سڑکیں بلاک کرنے اور حملے کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے، ایک معصوم شخص جو حادثے میں مرتا ہے اسے بھی پولیس پر ڈال دیا جاتا ہے، ہم نے ایک بھی مسلح پولیس اہلکار زمان پارک نہیں بھیجا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اینٹی رائٹ فورس کے علاوہ کسی کو بھی زمان پارک نہیں بھیجا گیا، ہمارے اہلکاروں کے پاس اسلحہ نہیں اسی لیے حملے کیے جارہے ہیں۔

  • نون لیگ چاہتی ہے تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے، عمران خان

    نون لیگ چاہتی ہے تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ نون پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے جبکہ ہمارا مفاد اس میں ہے کہ فوج مضبوط ہو۔

    سابق وزیراعظم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "دی رپورٹرز” میں خصوصی انٹرویو دیا اور ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اپنے پچھلے بیان کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے وضاحت دی کہ میں نے یہ کہا تھا کہ ملک کی خاطر میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، اس بات کو غلط طور پر لیا گیا، میں چوروں سے کبھی ہاتھ نہیں ملاؤں گا، ہم ملک دشمن نہیں ہیں، ہمیں فکر ہے کہ ملک چوروں کے ہاتھوں میں ہے، انہوں نے کہا کہ نون لیگ چاہتی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے جبکہ ہمارا مفاد اس میں ہے کہ پاک فوج مضبوط ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہوتے ہوئے وہ طاقت پولیس کو کنٹرول کررہی تھی، میں پوچھتا ہوں کہ کس نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کو آنے نہیں دینا، مجھے سیکیورٹی خدشات رانا ثناءاللہ اور دیگر لوگوں سے ہیں، اگر میں آج یہ کہہ دوں کہ ان کو این آر او دے دوں گا تو مجھے لاحق سیکیورٹی کا خطرہ کم ہوجائے گا۔

    موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ضیاءالحق کے زمانے جیسا خوف کا نظام بنا دیا گیا ہے سیاسی کارکنان پر ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا، میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک میں ایسے حالات ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف قتل، دہشت گردی اور توہین مذہب کے الزامات کے تحت 80مقدمات درج کرادیے گئے، ان کی کوشش ہے کہ میں عدالتوں میں پھرتا رہوں اور انتخابی مہم نہ چلا پاؤں، پہلے یہ ظلم کرتے ہیں اور پھر بعد میں کوراپ کرتے ہیں، بےشرمی دیکھیں کہ ظل شاہ کے قتل کا کیس مجھ پر کیا اور چار دن بعد کہا کہ یہ حادثہ ہے۔

    پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ مریم نواز نے نیب میں پیشی پر پتھراؤ کیا، ان لوگوں کا پھر بھی کچھ نہیں ہوا، مریم ساری جگہ کہتی پھر رہی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالو اور نوازشریف کے کیسز ختم کرو، ملک میں یہ کوئی قانون ہے یا اس ملکہ کے حکم پر ہی اسے چلنا ہے؟ مریم نواز کو ریاستی پروٹوکول مل رہا ہے اور ہمیں جلسوں کی بھی اجازت نہیں ،کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

    میرا بھی لندن میں فلیٹ تھا، نوازشریف مجھے عدالت لے کر گیا، میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق ایک ایک دستاویزات پیش کیں اور پوری منی ٹریل دی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لوگ کیوں ملک کے خلاف جارہے ہیں؟ وہاں نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں، کیوں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ سیاسی لوگ سیٹلمنٹ کرتے ہیں، 71میں سب سے بڑی جماعت کو دیوارسے لگادیا گیا تو آخر میں کیا ہوا؟ قوم اور سیاسی جماعتیں ہی ملک کو اکٹھا رکھ سکتی ہیں،اس وقت پاکستان میں پی ٹی آئی ہی سب سے بڑی وفاقی پارٹی ہے۔

  • لاہور : زمان پارک میں پولیس کے گرینڈ آپریشن کی تیاری

    لاہور : زمان پارک میں پولیس کے گرینڈ آپریشن کی تیاری

    لاہور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں شہر کے تمام تھانوں کی نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے خواجہ رمضان مجید کے مطابق لاہور مال روڈ پل فلائی اوور پر تمام تھانوں سے نفری منگوالی گئی ہے، ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ (پی آر یو) بھی تیار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان پارک پر گرینڈ تاریخی آپریشن کرکے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کئے جانے کا قوی امکان ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنوں کو جلد سے جلد زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق زمان پارک اور ملحقہ علاقوں کی بجلی بھی بند کر دی گئی ہے ، پولیس کی بھی وقت آپریشن شروع کر سکتی ہے ۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرم پورہ سے زمان پارک جانے والے تحریک انصاف کے کارکن پر راستے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا جس سے علی سفیان نامی کارکن زخمی ہوگیا۔

    تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد زمان پارک کے باہر موجود ہے جہاں وہ عمران خان کے حق میں خوب نعرے بازی کررہے ہیں۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پارٹی پرچم تھام رکھے ہیں۔ سابق ارکان اسمبلی بھی زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔

  • لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، کارکنان کو بلا لیا گیا

    لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، کارکنان کو بلا لیا گیا

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکنان کو ایک بار پھر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان پارک میں اہم رہنماؤں کی ہنگامی ملاقات جاری ہے، پی ٹی آئی کارکنان کو آج رات پھر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما میاں اسلم اقبال نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ آج رات کے کسی پہر پولیس ریڈ کیا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے تحریک انصاف کے تمام کارکنان سے درخواست کی ہے زمان پارک پہنچیں۔

    سوشل میڈیا پر عمران خان کی گرفتاری کی افواہیں

    دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد زمان پارک پہنچیں۔

  • تحریک انصاف نے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کردی

    تحریک انصاف نے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کردی

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کارکنان کو فوری طور پر چییئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچنے کی کال دے دی۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیازشیخ نے کارکنان کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ کارکنان عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کو ناکام بنادیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 24 جنوری کی رات کو فواد چوہدری کی گرفتاری سے قبل بھی یہ خبریں گرم تھیں کہ پولیس پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنے والی ہے۔

    جیسے ہی یہ خبر سوشل میڈیا کے ذریعے کارکنان کو ملی وہ ہزاروں کی تعداد میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    اسی رات لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، آؤ گرفتارکرکے دکھاؤ۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے، پولیس میں ہمت ہے تو خان کو گرفتار کرے، پاکستان کو اس وقت معاشی بحران کا سامنا ہے اور یہ حکومت پاکستان کو مزید نقصان پہنچا رہی ہے۔

    خبر کی اپڈیٹ جاری ہے