Tag: Zamir Kabulov

  • واشنگٹن داعش کی سرپرستی کر کے افغانستان میں شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے: روس

    ماسکو: روس نے الزام لگایا ہے کہ امریکا افغانستان میں داعش کی خفیہ سرپرستی کر رہا ہے، اور اس طرح شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے جمعے کو ایک روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا افغانستان میں داعش کی سرپرستی کر کے ہمارے وسط ایشیائی شراکت داروں کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروپوں کی مدد کر رہا ہے، امریکا کوشش کر رہا ہے کہ شورش زدہ سرزمین پر امن قائم نہ ہو۔

    ضمیر کابلوف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مسلح اپوزیشن کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کے علاوہ امریکا خفیہ طور پر اسلامک اسٹیٹ کے ارکان کی سرپرستی کرتا ہے، جو نہ صرف وسطی ایشیا اور افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کے استحکام کے خلاف ہیں، بلکہ روس کی سلامتی کے بھی خلاف ہیں۔

    کابلوف نے نشان دہی کی کہ امریکا افغانستان میں اپنی شرمناک فوجی اور سیاسی شکست کا بدلہ لینے کے لیے بہت بے چین ہیں، واشنگٹن افغانستان میں شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے۔

    روسی ایلچی نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی کے طور پر، امریکا اس درد بھری سرزمین پر امن کو آنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

  • ماسکو طالبان کو 20 اکتوبر کے افغانستان مذاکرات کی دعوت دے گا

    ماسکو طالبان کو 20 اکتوبر کے افغانستان مذاکرات کی دعوت دے گا

    ماسکو: روس میں افغانستان سے متعلق بین الاقوامی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، روس ان مذاکرات کی میزبانی کرے گا، طالبان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف کا کہنا ہے کہ 20 اکتوبر کو افغانستان کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں شمولیت کے لیے افغان طالبان کو بھی ماسکو مدعو کیا جائے گا۔

    ضمیر کابلوف نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ افغانستان ٹاکس جی ٹوئنٹی سمٹ کے بعد ہوں گے، جس میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

    روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف

    افغانستان کی امداد کے حوالے سے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ روس افغانستان امداد بھیجے گا لیکن امداد کی تفصیلات سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ ماسکو طالبان کے ساتھ بات چیت تو کر رہا ہے لیکن ابھی تک اس نے طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا، اور روس میں افغان طالبان پر بطور تنظیم پابندی عائد ہے، کریملن حالیہ کچھ عرصے میں کئی مرتبہ طالبان کو مذاکراتی عمل کے لیے روس مدعو کر چکا ہے۔

    کابلوف نے کہا کہ ماسکو طالبان پر اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں پر نظر ثانی کر سکتا ہے لیکن اس وقت اس حوالے سے فیصلہ کرنے میں جلدی کی ضرورت نہیں۔