Tag: zardari group

  • منی لانڈرنگ کیس : زرداری اور اومنی گروپس کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش

    منی لانڈرنگ کیس : زرداری اور اومنی گروپس کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی نے فریال تالپور، آصف زرداری اور اومنی گروپس کی ملک اور بیرون ملک جائیدادیں منجمد کرنے کی سفارش کردی، بلاول ہاؤس کراچی ،لاہور اور زرداری ہاؤس اسلام آباد سیل کیا جائے، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے لیے نئی مشکل آن پڑی، منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی نے عدالت عظمیٰ سے بلاول ہاؤس کراچی ،لاہور اور زرداری ہاؤس اسلام آباد سیل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

    فریال تالپور، زرداری اور اومنی گروپس کی ملک اور بیرون ملک جائیدادیں بھی منجمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس سلسلے میں جےآئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی  رپورٹ میں زرداری گروپ، اومنی گروپ کے اثاثوں اور قرضوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے، دونوں گروپس نے حکومتی فنڈز میں بے ضابطگیاں کیں، کمیشن لیا اور غیرقانونی پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زرداری اور اومنی گروپس کے مختلف کمپنیوں کے تحت رکھے گئے اثاثے احتساب عدالت کے فیصلے تک منجمد کئے جائیں، غالب گمان ہے کہ کہیں یہ اثاثے اس سے قبل ہی بیرون ملک منتقل نہ ہوجائیں۔

    جے آئی ٹی نے جن اثاثوں کو منجمد کرنے کی سفارش کی ہے اس میں بلاول ہاﺅس کراچی و لاہور اور زرداری ہاﺅس اسلام آباد ،آصف زرداری کی نیویارک اور دبئی کی پراپرٹیز، بلاول ہاﺅس کراچی کے پانچوں پلاٹس ،اومنی گروپ کی شوگر ملز، زرعی کمپنیز اور توانائی کمپنیز کے اثاثے شامل ہیں۔

  • جعلی اکاؤنٹ سے زرداری گروپ کو رقم منتقل، بلاول ہاؤس کے بل کی ادائیگی کا انکشاف

    جعلی اکاؤنٹ سے زرداری گروپ کو رقم منتقل، بلاول ہاؤس کے بل کی ادائیگی کا انکشاف

    اسلام آباد : ایف آئی اے ٹیم کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم کامیابی ملی ہے، مذکورہ اکاؤنٹس سے زرداری گروپ کو رقوم منتقل اور بلاول ہاؤس کی بجلی کا بل ادا کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری گروپ میں جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ساٹھ کروڑ روہے منتقل ہوئے ہیں جس کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

    اس کے علاوہ بلاول ہاؤس کے پانی کا بل ایک لاکھ بیس ہزار روپے بھی جعلی اکاؤنٹس سے ادا کیا گیا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

    تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیمیں بیرون ملک بھجوائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے تمام اکاؤنٹس بھی سیل کر دیئے گئے، اب تک جعلی اکاؤنٹس میں 44ارب روپے کی منتقلی کے شواہد مل چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس، انورمجید کے گرد گھیرا مزید تنگ

    ایف آئی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ جعلی اکاؤنٹس سے سو ارب سے زائد کی ترسیل کے شواہد ملنے کا امکان ہے۔