Tag: Zartaj Gul sister

  • زرتاج گل نے اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا

    زرتاج گل نے اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا

    اسلام آباد : وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ کر آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق زرتاج گل کی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم کے نوٹس کے بعد زرتاج گل نے تقرری کے لئے لکھا گیا خط واپس لے لیا۔

    اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط ارسال کردیا، خط میں27فروری کو زرتاج گل کی جانب سے لکھے گئے خط کی واپسی سے آگاہ کر دیا گیا۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ وزیر کی جانب سے خط کا مقصد صرف سی وی کی نشاندہی کرنا تھا اور خط کے ذریعے اقرباء پروری یا نیکٹا دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر زرتاج گل نے اپنے ایک بیان میں بھی کہا ہے کہ بہن کے لئے خط سفارش نہیں بلکہ سی وی کی نشاندہی کیلئے تھا، خط میں سی وی کی نشاندہی کیساتھ میرٹ پرجانچ کا کہا تھا، انہوں نے کہا کہ میراخط میڈیا میں منظرعام پر آیا بلاجواز تنقید کی گئی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کا سختی سے نوٹس لیا تھا، وزیر اعظم نے ادارے کو لکھے گئے خط سے وفاقی وزیر کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔

    اس حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی مشیر نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں کوئی عہدیدار اپنے عزیز یا رشتہ دار کو پروموٹ نہیں کر سکتا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کا زرتاج گل کے معاملے پر شدید اظہار برہمی، نیکٹا کو لکھا خط واپس لینے کی ہدایت

    انہوں نے کہا کہ غلطی تسلیم کرتے ہوئے خان صاحب کل کابینہ میں اراکین کو آگاہ کریں گے، اگر کوئی اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرے گا تو سزا ہوگی۔

  • شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے، نیکٹا کی وضاحت

    شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے، نیکٹا کی وضاحت

    اسلام آباد : قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے واضح کیا ہے کہ وزیر مملکت زرتاج گل کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی بحیثیت ڈائریکٹر نیکٹا کی براہ راست تقرری کو سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں کی جانب سے اعتراض کیا جارہا تھا جس پر ترجمان نیکٹا نے وضاحت دی ہے کہ شبنم گل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوئی ہے۔

    شبنم گل لاہور کالج برائے خواتین میں گریڈ18کی اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، وہ پی ایچ ڈی اسکالرہیں وہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے حوالے سے مقالے بھی تحریر کرچکی ہیں۔

    نیکٹا نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید کہا ہے کہ ڈیپوٹیشن پر گریڈ17سے گریڈ 19تک تعیناتی کیلئے وفاقی و صوبائی محکموں سے12درخواستیں موصول ہوئیں، جس کیلئے تین رکنی کمیٹی نے انٹرویوز کیے، شبنم گل منتخب کیے گئے امیدواروں میں سے ایک ہیں، کمیٹی نے میرٹ پر ان کی تعیناتی کی سفارش کی تھی۔