Tag: Zebra

  • چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک زیبرا چڑیا گھر سے بھاگ نکلا اور قریبی علاقے کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کرنے لگا۔

    سیئول چلڈرنز گرینڈ پارک زو کی انتظامیہ کے مطابق دو سالہ زیبرا اپنے احاطے کی لکڑی کی باڑھ توڑ کر بھاگا، جس کے بعد وہ قریبی سڑکوں پر مٹ گشت کرنے لگا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زیبرا نہایت مصروف سڑک پر گاڑیوں کے درمیان دوڑ رہا ہے، اسے دیکھ کر ڈرائیورز نے اپنی گاڑیاں روک دیں اور دلچسپی سے اس کی بھاگ دوڑ دیکھنے لگے۔

    اس کے بعد زیبرا ایک رہائشی علاقے میں جا نکلا اور اس کی تنگ گلیوں میں گھومنے لگا، اس دوران وہ کچرے کے ڈبوں میں کھانے پینے کی اشیا بھی تلاش کرتا رہا۔

    چڑیا گھر کی انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ 3 گھنٹے تک اسے پکڑنے کے لیے سرگرداں رہی اور بالآخر ایک تنگ گلی میں زیبرے کو گھیر کر پکڑا گیا، اسے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے بے ہوش کیا گیا اور پھر چڑیا گھر منتقل کیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیبرا کو ڈاکٹر کی زیر نگرانی رکھا گیا اور فی الحال وہ محفوظ اور صحت مند ہے، چند گھنٹے نگرانی میں رکھنے کے بعد اسے واپس اس کے احاطے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

  • پشاور: دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار زیبرا کے ہاں ننھے بچوں کی آمد

    پشاور: دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار زیبرا کے ہاں ننھے بچوں کی آمد

    پشاور: دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار زیبرا کے ہاں پشاور چڑیا گھرمیں 2 ننھے بچوں کی آمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور چڑیا گھر میں مختلف جانوروں کے ہاں 6 نئے مہمانوں کی آمد ہوئی ہے، چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ننھے بچوں کی حالت بہتر ہے اور ان کا ہر قسم خیال رکھا جا رہا ہے۔

    ویٹرنری ڈاکٹر پشاور چڑیا گھر ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ چڑیا گھر میں چھ نئے ننھے مہمانوں کی آمد ہوئی ہے، جن میں زیبرا کے ہاں 2 جڑواں بچے بھی شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ آئی یو سی این (انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر) جو دنیا بھر میں جانوروں اور نیچر کے تحفظ پر کام کر رہا ہے، نے زیبرا کو معدومیت کے شکار جانوروں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔

    آئی یو سی این کے مطابق زیبرا کی تعداد دنیا بھر میں کم ہو رہی ہے، اگر ان کو نہیں بچایا گیا تو اس کی نسل دنیا سے ختم ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

    ڈاکٹر عدالقادر نے بتایا کہ دنیا بھر میں تعداد میں کمی کے باوجود پشاور چڑیا گھر میں زیبرا کی افزائش نسل بہت بہتر ہے، اور ابھی زیبرا کے ہاں دو بچوں نے جنم دیا ہے، جس کے بعد چڑیا گھر میں اس وقت زیبراز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

    علاوہ ازیں، پشاور چڑیا گھر دو کوہان والی اونٹنیوں کے ہاں بھی ایک ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے، عربیئن اوکس، سپاٹڈ ہرنی کے ہاں بھی ایک ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

    ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ چڑیا گھر میں آنے والے ننھے مہمانوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کر رہے ہیں، اور چڑیا گھر میں کامیاب افزائش کے باعث جانوروں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

  • 10 سال سے تنہائی کا شکار زیبرا چل بسا

    10 سال سے تنہائی کا شکار زیبرا چل بسا

    کراچی: شہر قائد کے چڑیا گھر میں 10 سال سے تنہائی کا شکار زیبرا چل بسا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی زو کا واحد زیبرا بھی اب نہ رہا، اس نے اپنے انکلوژر میں دس سال تنہائی کے عالم میں گزارے۔

    کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے پھرتی دکھاتے ہوئے صبح سویرے ہی زیبرے کا پوسٹ مارٹم کر ڈالا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی موت دل کے دورے کے باعث ہوئی ہے۔

    تاہم ڈائریکٹر ریکریشن بلدیہ عظمیٰ کراچی منصور قاضی کا کہنا ہے کہ زیبرے کی موت کی وجہ کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہوگا، اور اس کی رپورٹ کل موصول ہوگی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ زیبرے کی طبعی عمر 20 سے 25 سال ہوتی ہے، جب کہ مرنے والے زیبرے کی عمر 23 سال تھی، یہ زیبرا کراچی کے چڑیا گھر ہی میں تئیس برس قبل پیدا ہوا تھا، تاہم یہ صحت مند تھا۔

    ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی نے بتایا کہ جلد ہی زیبرے کا متبادل چڑیا گھر لایا جائے گا۔

  • پشاور چڑیا گھر میں ننھے زیبرا کی آمد

    پشاور چڑیا گھر میں ننھے زیبرا کی آمد

    پشاور: پشاور چڑیا گھر میں ننھے زیبرا کی آمد ہوئی ہے، جس کے بعد چڑیا گھر میں زیبراز کی تعداد 6 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور چڑیا گھر انتظامیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دن زیبرا نے ایک بچے کو جنم دیا ہے، زیبرا کے ہاں مادہ بچہ پیدا ہوا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ویٹرنری آفیسر پشاور چڑیا گھر ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ بچے کا ہر طرح سے خیال رکھا جا رہا ہے، چڑیا گھر میں ہمارے پاس 5 زیبرا موجود تھے، جن میں 3 میل اور 2 فیمیل شامل تھے، اب مجموعی تعداد چھ ہو گئی اور مادہ زیبراز کی تعداد بھی 3 ہو گئی ہے۔

    ڈاکٹر قادر نے بتایا کہ زیبرا کے ہاں جو بچہ پیدا ہوا ہے وہ بھی مادہ ہے، ساؤتھ افریقا سے زیبرا کے 2 جوڑے چڑیا گھر لائے گئے تھے، گزشتہ دو سال سے اب ان کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ زیبرا کے دو جوڑے چڑیا گھر سے وائلد لائف پارک کو دیے گئے ہیں، جن میں ایک ڈی آئی خان اور ایک جوڑا لکی وائلڈ لائف پارک میں ہے۔

    لاہور چڑیا گھر کے ٹائیگر، ریچھ اور مادہ زیبرا کو پُر سکون موت دینے کا فیصلہ

    ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا تھا زیبرا کا شمار قیمتی جانوروں میں ہوتا ہے اور اس کی قیمت 15 سے 20 لاکھ روپے تک ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ چڑیا گھر میں اب جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • پیرس کی خالی سڑکوں پر زیبرے کی دوڑیں

    پیرس کی خالی سڑکوں پر زیبرے کی دوڑیں

    پیرس: فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی سڑکوں پر زیبرا آگیا، سڑک پر بھاگتے زیبرے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات پیرس کی خالی سڑکوں پر ایک زیبرا اور دو گھوڑے بگٹٹ دوڑ لگاتے دیکھے گئے، مذکورہ جانور ایک قریبی سرکس سے بھاگ نکلے تھے۔

    سرکس انتظامیہ کے مطابق ان جانوروں کے حصے کا لاک کھلا رہ گیا تھا جہاں سے یہ بھاگے تاہم جلد ہی انہیں دوبارہ پکڑ لیا گیا۔

    دوسری جانب پیرس کی ایک اور سڑک پر 2 جنگلی ہرن بھی چہل قدمی کرتے دیکھے گئے۔

    اس سے قبل انگلینڈ کے شہر پریسٹن میں بھی ایک پارک میں ننھی بھیڑیں آگئیں اور پارک کے جھولے لینے لگیں۔

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکیں انسانوں سے خالی ہیں یہی وجہ ہے کہ مختلف جانور بے خوف و خطر شہروں میں گھومتے پھر رہے ہیں۔

  • بغیر دھاریوں والا انوکھا زیبرا

    بغیر دھاریوں والا انوکھا زیبرا

    دھاری دار جسم کا حامل زیبرا براعظم افریقہ میں پایا جاتا ہے، حال ہی میں ایک انوکھے زیبرا کو کیمرے نے عکسبند کیا جسے دیکھ کر ماہرین خوشگوار حیرت میں پڑ گئے۔

    کینیا کے ایک ریزرو میں دیکھا جانے والا یہ ننھا زیبرا اپنے خاندان کے دیگر زیبروں سے کچھ مختلف ہے۔ اس کے جسم پر سیاہ و سفید دھاریوں کے بجائے سفید دھبے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق زیبرے کے جسم کی یہ انفرادیت ایک نایاب جینیاتی بگاڑ میلینزم کی وجہ سے ہے۔

    ہم دیکھتے ہیں کہ انسانوں میں البانزم (یا برص) کا مرض موجود ہوتا ہے۔ یہ مرض انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی لاحق ہوجاتا ہے۔ اس مرض میں جسم کو رنگ دینے والے عناصر جنہیں پگمنٹس کہا جاتا ہے کم ہوجاتے ہیں، جس کے بعد جسم کا قدرتی رنگ بہت ہلکا ہوجاتا ہے۔

    اس مرض کا شکار انسان یا جانور سفید رنگت کے حامل ہوتے ہیں۔

    اس کے برعکس میلینزم میں رنگ دینے والے پگمنٹس نہایت فعال ہوتے ہیں جس کے باعث یا تو جسم پر گہرے یا سیاہ رنگ کے دھبے پڑجاتے ہیں، یا پھر پورا جسم سیاہ ہوجاتا ہے۔

    البانزم کی نسبت میلینزم نایاب ترین مرض ہے اور اس کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زیبرا اس بگاڑ کے باعث نہایت انفرادیت کا حامل ہے اور یہ اس طرح کا، اب تک دیکھا جانے والا واحد زیبرا ہے۔

  • اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!

    اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!

    آپ نے ’آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا‘ والی کہاوت تو ضرور سنی ہوگی، لیکن آج ہم آپ کو اس کی عملی مثال دکھاتے ہیں۔

    نیشنل جیوگرافک کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ایک زیبرا کی حیرت انگیز جدوجہد کی ویڈیو آپ کو سوچنے پر مجبور کردے گی کہ چاہے انسان ہو یا جانور، اپنے لیے کتنی ہی جدوجہد کرلے، لیکن وہ قسمت کے لکھے سے بچ نہیں سکتا۔

    زیر نظر ویڈیو ایک زیبرا کی ہے جو دریا کے بیچ میں کھڑا ہوا کنارے کی طرف جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اچانک اس کے قریب پانی میں کچھ ہلچل ہوتی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ایک مگر مچھ اسے اپنے جبڑوں کا نشانہ بنانے کے لیے زیبرا کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    مگر مچھ کی موجودگی محسوس ہوتے ہی زیبرا چھلانگیں لگاتا ہوا اور پوری قوت صرف کرتا پانی سے باہر کنارے پر پہنچ جاتا ہے۔

    لیکن ہائے ری قسمت، کنارے پر پہنچ کر ابھی وہ سانس بھی نہیں لینے پاتا، کہ جھاڑیوں میں گھات لگائے ایک شیرنی اس پر حملہ آور ہوجاتی ہے اور موت کو چکمہ دے کر بھاگنے والا زیبرا اس بار نہیں بچ پاتا۔

    شیرنی اس پر حملہ کر کے اسے نیچے گرا لیتی ہے، اس دوران ایک اور شیرنی بھی اپنے ساتھی کی مدد کے لیے شکار کی دعوت اڑانے پہنچ جاتی ہے، یوں موت سے بھاگتا زیبرا بالآخر تمام تر جدوجہد کے باوجود اسی وقت موت کا شکار ہوجاتا ہے، جو وقت اس کا لکھا گیا تھا۔

    اس حیرت انگیز ویڈیو کو دیکھ کر ہمیں تو غالب کا ایک شعر یاد آگیا۔

    پنہاں تھا دام سخت قریب آشیان کے،
    اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے!


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مدعی نے خاندانی نام زیبرا رکھنے کی قانونی جنگ جیت لی

    مدعی نے خاندانی نام زیبرا رکھنے کی قانونی جنگ جیت لی

    وینا: آسٹریا کے رہائشی نے اپنا خاندانی نام تبدیل کر کے زیبرا رکھنے کی قانونی جنگ جیت لی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس شخص نے آسٹریا کی عدالت میں ماتحت عدلیہ کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس میں ان کا خاندانی نام تبدیل کرنے کی استدعا کو رد کر دیا گیا تھا۔

    خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس شخص کے دادا نے 1950ء کی دہائی میں اپنا نام تبدیل کر کے زیبرا رکھا تھا۔ آسٹریا کی آئینی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ زیبرا کئی دہائیوں سے اس خاندان کا نام ہے۔

    ماتحت عدلیہ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ زیبرا آسٹرین نام نہیں ہے جس پر عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ زیبرا ایک ایسا گھوڑا ہے جو افریقا میں پایا جاتا ہے۔

    اس شخص کے خاندان میں آخری فرد جس کا نام زیبرا تھا ان کی موت 1991ء میں ہوئی۔