کراچی (31 اگست 2025): صوبہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر کسی نے وزیر داخلہ سندھ کا جعلی اکاؤنٹ بنا لیا ہے، جس پر کوآرڈینیٹر ٹو ہوم منسٹر نے سائبر کرائم ایجنسی کو کارروائی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
ضیا الحسن لنجار کے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کی تحقیقات کے لیے معاملہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو بھیج دیا گیا، خط میں جعلی اکاؤنٹ فوری بند کرنے اور قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جون میں فیصل آباد میں جعلی بینک اکاؤنٹ بنا کر ساڑھے تین کروڑ روپے ہڑپ کرنے کا کیس سامنے آیا تھا، جس میں دو بینک افسران کو گرفتار کیا گیا تھا، ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افسران میں سابق مینجر عثمان خان اور سابق ریلیشن شپ مینجر شہزاد عارف شامل تھے۔
جعلی اکاؤنٹ بنا کر ساڑھے 3 کروڑ روپے ہڑپ کرنے والے 2 بینک افسران گرفتار
ملزمان نے تین ساتھی افسران اور شہری کی ملی بھگت سے فراڈ کیا تھا، جس پر 6 ملزمان کے خلاف 8 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے جعل سازی کرتے ہوئے بیرون ملک موجود کھاتے دار فضل احمد کا شہری حسن رضا کے ساتھ مشترکہ جعلی بینک اکاؤنٹ بنا دیا تھا۔
بعد ازاں کھاتے دار فضل احمد کے جعلی دستخط کر کے چیک بک نکلوائی اور اس کے اکاؤنٹ سے جعلی اکاؤنٹ میں ایک لاکھ 28 ہزار پانچ سو ڈالرز منتقل کیے تھے۔