Tag: Ziarat

  • بس کے اندر فائرنگ، ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    بس کے اندر فائرنگ، ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    زیارت میں بس کے اندر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، بس ملتان جارہی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق زیارت کے علاقے شرن میں ملتان جانے والی بس کے اندر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ملزم واردات کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں پولیس، ضلع انتظامیہ کے افسران، امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکا بندی کردی گئی۔

    پولیس اور امدادی رضاکاروں نے لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردیں۔

    ضلع انتظامیہ کے مطابق فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے تاہم علاقے کی ناکا بندی کردی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب پولیس نے واقعے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے  اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    زیارت: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتنی ٹھنڈ دنیا کے کم علاقوں میں دیکھی جتنی بلوچستان میں دیکھی ہے، زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگانا زیادہ بہتر ہوگا، پوری کوشش کریں گے کہ اگلے سال زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگائیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ بلوچستان کے شہر زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی میں تقریب سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا میں بادشاہ نہیں وزیر اعظم ہوں، مجھے وزیر خزانہ سے بات کرنا پڑتی ہے، دیکھنا پڑتا ہے کہ کتنا پیسہ ہے، پہلے ہی کے پی اور پنجاب شور مچا رہے ہیں کہ بلوچستان کو بہت پیسہ دے دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا بلوچستان کو 700 ارب روپے کا سب سے بڑا پیکج دیا ہے، اب سڑکوں کا بھی پیکج دے رہے ہیں، جتنی بھی گنجائش ہوگی ہم بلوچستان کے لیے خرچ کریں گے، بلوچستان کے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان پر توجہ دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا زیارت سیاحت کا حب بن سکتا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا اور غربت کم ہوگی، ہم نے بھرپور کوشش کر کے کے پی میں بھی سیاحت کو فروغ دیا، پہلے لوگ پشاور چھوڑ کر اسلام آباد میں گھر لے رہے تھے، اب یواین ڈی پی رپورٹ ہے کہ سب سے زیادہ غربت میں کمی کے پی میں ہوئی۔

    عمران خان نے کہا ہم نے کے پی کی آدھی آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا، جس سے غریب خاندان 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکتا ہے، اس سال کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس بھی ہیلتھ کارڈ ہوگا، یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں بلکہ پورا ہیلتھ سسٹم ہے، جام کمال صاحب سے کہتا ہوں لوگوں کی خدمت کرنی ہے تو ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیں، کیوں کہ غریب گھرانے میں بیماری آ جائے تو ان کا پورا بجٹ خراب ہو جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا بلوچستان کے ایم پی ایز اور وزیروں کو ایک چیز سمجھاناچاہتا ہوں، میں اگر اقتدار میں ہوں تو یا اپنے لیے یا قوم کے لیے پیسہ بنا سکتا ہوں، مہاتیر محمد کا کوئی لندن میں فلیٹ نہیں، سنگاپور کے وزیر اعظم کی بھی مئے فیئر لندن میں جائیدادیں نہیں، یہ ہوتا ہی نہیں ایک آدمی پیسہ چوری کر کے باہر لے جائے اور سمجھے کہ ملک ترقی کرے گا، ہماری اگلی حکومت میں بلوچستان مزید ترقی کرے گا۔

  • بڑی کامیابی، دریافت شدہ ذخائر سے تیل کی پیداوار شروع

    بڑی کامیابی، دریافت شدہ ذخائر سے تیل کی پیداوار شروع

    کوئٹہ: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے خوش خبری دی ہے کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں دریافت شدہ تیل کے ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ کے قریب واقع شہر زیارت میں 2018 میں تیل کے ذخائر دریافت ہوئے تھے، یہ پاکستان میں تیل کی ایک اور دریافت تھی، جس سے اب خام تیل کی پیداوار کا آغاز ہو گیا ہے۔

    اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے زیارت میں خام تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہاں تیل کا کنواں 2018 میں دریافت ہوا تھا، جس سے خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 800 بیرل یومیہ ہے۔

    پی پی ایل اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اٹک ریفائنری اس دریافت ہونے والے کنویں سے خام تیل خریدے گی، کنویں سے روزانہ آٹھ سو بیرل تیل نکلنے کی توقع ہے، کمپنی کا اس سلسلے میں اٹک ریفائنری سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔

    پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    یاد رہے کہ رواں برس اگست میں بھی او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ یومیہ 125 بیرل تیل بھی اس کنویں سے حاصل کیا جا سکے گا۔

    یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

  • زیارت : مزار کے قریب گاڑی میں دھماکہ، تین افراد جاں بحق، تین زخمی

    زیارت : مزار کے قریب گاڑی میں دھماکہ، تین افراد جاں بحق، تین زخمی

    زیارت : خرواری بابا مزار کے قریب گاڑی میں دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر زیارت میں خرواری بابا مزار کے قریب زوردار دھماکے سے تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی ٹیموں کے رضاکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر زیارت کے مطابق دو زخمیوں کو کوئٹہ روانہ کردیا گیا، دھماکا ممکنہ طور پر گاڑی میں موجود سلنڈرکا ہوسکتا ہے، جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق کراچی سے ہے، متاثرہ افراد نے گاڑی کرائے پر لی تھی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد تفریح کلیلئے کراچی سے زیارت پہنچے تھے کہ گاڑی کا گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی جائیں گی۔

  • ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    زیارت : دو روز سے مسلسل بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے متعدد مکانات تباہ جبکہ پانی کے تیز بہاؤ میں کئی گاڑیاں بہہ گئی، سیلابی ریلا گزشتہ رات ہرنائی میں داخل ہوا جس کے باعث گھروں میں سوئے ہوئے کئی افراد ریلے میں بہہ گئے، ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 7 افراد جاں بحق اور 11 افراد لاپتہ ہوئے ہیں جبکہ 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

    صوبائی اور ضلعی انتظامیہ نے ہرنائی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت ریسکیو اداروں نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ کوئٹہ کے سول اسپتال کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے اب تک 4 لاشیں لائیں گئی ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اسپتال منتقل کی گئی لاشوں کی شناخت 2 مقامی صحافیوں سمیت مزید دو افراد کی ہیں جنہیں ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • زیارت: فورسز سے جھڑپ، ٹی ٹی پی کے 8 دہشتگرد مارے گئے

    زیارت: فورسز سے جھڑپ، ٹی ٹی پی کے 8 دہشتگرد مارے گئے

    زیا رت: تحصیل سنجاوی میں فورسزسے جھڑپ میں ٹی ٹی پی بلوچستان کے نائب امیر سمیت آٹھ دہشتگرد مارے گئے۔

    ذرائع کے مطابق زیارت کی تحصیل سنجاوی میں طالبان کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد مسلح جھڑپ کا آغاز ہوگیا۔

    فورسز کی جوابی کارروائی میں آٹھ دہشتگرد مارے گئے۔

    ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں میں کالعدم تحریکِ طالبان بلوچستان کا نائب امیر بھی مارا گیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکہ خیز موادبھی بر آمد کرلیا گیا۔