Tag: Zil Hajj

  • عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالضحیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں تین روز کی سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ملک بھر کے نجی و سرکاری ادارے21 سے 23 اگست تک بند رہیں گے اور 24 اگست سے معمول کے مطابق امور انجام دیں گے۔

    قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کرتے ہوئے 21 سے 23 تک تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ22اگست بروز بدھ کو ہوگی

    خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 تاریخ اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی، حکومتی اعلان کے تحت سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    اسے بھی پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں‌ کا اعلان کردیا گیا

    نگراں وزیر خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پینشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔

  • سعودی عرب: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید قرباں 21 اگست کو ہوگی

    سعودی عرب: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید قرباں 21 اگست کو ہوگی

    ریاض: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سمیت میں ذو الحج 1439 ہجری کا چاند نظر آگیا جس کے بعد حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 20 اگست  کو جبکہ عید قرباں 21 اگست کو  منائی جائے گی۔

    عرب میڈیا کے میڈیا کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے سعودی سپریم کونسل کا اجلاس ہوا جس نے اب سے کچھ دیر قبل رویت کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق کل یعنی 12 اگست کو یکم ذوالحج ہوگی اورفرزندان اسلام حج کا رکن اعظم پیر 20 اگست کو ادا کریں گے جبکہ عید قرباں کا پہلا روز  21 اگست کو ہوگا۔

    دریں اثناء سعودی سپریم کونسل نے شہریوں سے چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد عوام کی جانب سے شہادتیں موصول ہوئیں تو سرکاری سطح پر اعلان کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں‌ کا اعلان کردیا گیا

    علاوہ ازیں خلیجی ممالک، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی چاند ذوالحج نظر آگیا ہے۔

    دوسری جانب ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی، یونان سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد وہاں یکم ذوالحجۃ 13 اگست بروز پیر اور عید الضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے حج اور عید قرباں کے پیش نظر 11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان پہلے ہی کررکھا ہے جبکہ دبئی حکومت نے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو 5 روز کی چھٹیاں دینے کی منظوری دی ہے۔