طاہر پلازہ آتشزدگی کیس: عینی شاہدین نے ٹارگٹ کلر سعید بھرم سمیت 3 دہشت گردوں کو شناخت کرلیا

طاہر پلازہ آتشزدگی کیس

کراچی : طاہر پلازہ آتشزدگی کیس میں دو عینی شاہدین نے ٹارگٹ کلر سعید بھرم سمیت تین دہشت گردوں کو شناخت کرلیا اور بیان ریکارڈ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ طاہرپلازہ آتشزدگی کیس کی سماعت ہوئی ، 2عینی شاہدین نے ٹارگٹ کلر سعیدبھرم سمیت 3دہشت گردوں کوشناخت کرلیا اور بیان میں کہا سعیدبھرم ودیگر ملزمان نے فائرنگ کی اوروکلادفاترجلائے۔

عینی شاہدین،گواہان رکشہ ڈرائیور اورمقتول وکیل کے گن مین کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ، گواہ رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ واقعےکےروز میں طاہر پلازہ کے قریب کھڑاتھا،اچانک سے فائرنگ کی آوازیں آناشروع ہوئیں اوربھگدڑمچ گئی،سعید بھرم سمیت دیگر ملزمان کو فائرنگ کرتےدیکھا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بھی شناخت پریڈکے دوران ان ملزمان کو شناخت کیا۔

گواہ گن مین نے بیان میں کہا کہ سعید بھرم اور دیگر ملزمان طاہر پلازہ میں داخل ہوئےتھے، یہ وہی ملزمان ہیں جنہوں نےطاہر پلازہ میں وکلا کےدفاترکوآگ لگائی تھی، سعیدبھرم سمیت دیگر ملزمان کو آگ لگاتے ہوئے دیکھا تھا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے مزید گواہان کو طلب کرلیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں سعید بھرم،عمران سعید،فیصل جاویدعدف ماماگرفتارہیں،ملزم عمران سعید نے 164اورجے آئی ٹی بیانات میں طاہرپلازہ کو آگ لگانےکااعتراف کیا تھا۔