تاجر دوست اسکیم کیا ہے اور آپ کے لئے کیا جاننا ضروری ہے؟

تاجر دوست اسکیم کے حوالے سے دکاندار اور ہول سیلرز حضرات کو کیا جاننا ضروری ہے، اس سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

تمام ہول سیلرز، ریٹیلرز، ڈیلرز مثلاً جنرل اسٹورز، میڈیکل اسٹورز، فرنیچر اور تزین و آرائش کی دُکانیں اور تمام دُکانیں اس اسکیم میں شامل ہیں، یہ اسکیم تمام تاجر افراد کے لیے ہے ماسوائے کمپنیوں اور نیشنل اور انٹرنیشنل چین اسٹورز کے جو ایک سے زیادہ شہروں میں واقع ہیں۔

اگر کوئی دکاندار انکم ٹیکس میں پہلے سے رجسٹرڈ ہے تو اسے دوبارہ تاجر دوست اسکیم میں رجسٹریشن کی ضرورت نہیں، ایسے ہول سیلرز اور دکاندارتاجر دوست اسکیم میں رجسٹرڈ شمار کیے جائیں گے۔

ایسے تاجر حضرات جو پہلے سے رجسٹرڈ ہیں اور اپنا انکم ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرواتے ہیں تو انھیں بھی دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، البتہ تمام دکانداروں اور تاجروں کو یکم جولائی 2024 سے ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس اسی تاجر دوست اسکیم کے تحت جمع کروانا ہوگا۔

دکاندار یا تاجر کو اس اسکیم کے تحت ماہانہ ایڈوانس ٹیکس دینا ہوگا، جو تاجر سہ ماہی ایڈوانس انکم ٹیکس دینے کے پابند ہیں وہ اپنا سہ ماہی انکم ٹیکس جمع کرواتے وقت تاجر دوست اسکیم میں دیا گیا ٹیکس ایڈجسٹ کروا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ترجمان ایف بی آر بختیار محمد نے پچھلے مہینے تک تاجردوست اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے تاجروں کی تفصیلات بتائیں تھیں، ان کا کہنا تھا کہ اب تک 53 ہزار 426 تاجروں نے رجسٹریشن کرالی ہے۔

ترجمان ایف بی آر نے بتایا تھا کہ کراچی میں 7 ہزار 312 تاجروں نے رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ لاہور میں 19 ہزار 955 اور راولپنڈی میں 8 ہزار سے زائد تاجر رجسٹرڈ ہوئے۔

اس کے علاوہ پچھلے ماہ تک اسلام آباد میں 4 ہزار 822، پشاور میں 4 ہزار 531 اور کوئٹہ میں 2 ہزار 816 تاجر رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔