اگر کسی نے چڑھائی کی تو 26 مئی سے زیادہ مرمت کریں گے، طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کو خبردار کردیا

طلال چوہدری

اسلام آباد : وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی والوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے چڑھائی کی تو 26 مئی سے زیادہ مرمت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی بارباراین آراومانگ رہےہیں، یہ کبھی امریکا سے بندے لے آتے ہیں، اسرائیلیوں کو بھی تکلیف ہے کہ عمران خان کیوں سزابھگت رہا ہے۔

وزیرمملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان  کے بچے ضرور آئیں تاکہ پتہ چلے والد نے کیا کھلواڑ کیا، دوسروں کے بچوں کو احتجاج پر اکساتے اور اپنے بچوں کو لندن میں چھپادیا، جو خود قانون کی پاسداری نہیں کرتے وہ ریاست کی بات کیسے کر سکتے ہیں اور جب بھی پکڑے جاتے تو کہتے ہمیں این آر او چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے 9 مئی کوریاست پرحملہ کیا، یہ اپنےگناہوں کی سزا سے بچنے کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں، یہ اسرائیلی داماد ہے، اسے بچانے کے لیے پوری لابی کام کر رہی ہے۔

وزیرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ جن کے بچوں کو اسرائیل نے پالا وہ پاکستان کے وفادار کیسے ہوسکتے ہیں، فلسطینی بچوں کےقتل پر خاموشی، ایران پر حملے پر ایک لفظ نہیں کہا ،پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل کی کھل کر مذمت نہیں کی، یہ سوال ہونا چاہیے ان کا تعلق پاکستان سے ہے یا اسرائیل سے ہے۔

سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بغاوت اور قتل کے فتوے دینے کیلئےاستعمال نہیں کیاجا سکتا، پاکستان میں بھی سائبر کرائم اورسیکیورٹی کے قوانین موجود ہیں، موبائل اٹھا کرکسی کی جان خطرے میں ڈالنا آزادی اظہار نہیں۔

طلال چوہدری نے زور دیا کہ سوشل میڈیا کوریگولیٹ کرنا وقت کی ضرورت ہے، جو یوٹیوبرز قانون کے مطابق چلتے ہیں وہ مکمل طور پر آزاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا قانون کے دائرے میں احتجاج کاحق سب کو ہے، اگرچڑھائی یابغاوت کی کوشش ہوئی تو ریاست دیوار بن کر کھڑی ہو گی، 26 مئی سے زیادہ مرمت کریں گے ، جمہوریت میں لانگ مارچ اور دھرنے ہوتے ہیں بغاوت نہیں ، پاکستان کو قانون کی حکمرانی سے چلایا جائے گا دباؤ سے نہیں۔