طلال چوہدری ٹی ٹی پی کا ایک اور واٹس ایپ گروپ سامنے لے آئے

طلال چوہدری ٹی ٹی پی کا ایک اور واٹس ایپ گروپ سامنے لے آئے

اسلام آباد (23 جولائی 2025): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اور واٹس ایپ گروپ کی نشاندہی کر دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واٹس ایپ گروپ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے طلال چوہدری نے لکھا کہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دی گئی کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی واٹس ایپ چینل چلا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پورے ملک میں 9 مئی کے کیسز پر فیصلہ ہونا چاہیے، طلال چوہدری

طلال چوہدری نے کہا کہ ٹی ٹی پی انتہا پسند اور نفرت انگیز نظریات کیلیے واٹس ایپ پیغامات بھیجتی ہے، پاکستان کی جانب سے مذکورہ گروپس پر زیرو ٹالرنس رکھا گیا ہے، پاکستان نے بین الاقوامی امن یقینی بنانے کیلیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور وٹس ایپ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ اس ناسور کے خلاف تعاون کریں، ان اکاؤنٹس کو بند یا خودکار انداز میں نشاندہی کیلیے اکاؤنٹس اور نمبرز کو معطل کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ نے 20 جولائی 2025 کو بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک واٹس ایپ گروپ کی نشاندہی کی تھی۔

مئی میں مفتیان اور علمائے کرام نے ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کی سوچ اور سرگرمیوں کو اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نور ولی محسود کا بیان واضح کرتا ہے کہ جس طرح اہل اسلام اور پاکستان اہل فلسطین کے ساتھ ہیں، اسی طرح کالعدم ٹی ٹی پی اسرائیل اور بھارت کا دوسرا ساتھی ہے۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ قرآن کریم میں واضح ہے جو کسی بھی مومن کو بناکسی شرعی یا قانونی وجہ کے قتل کرے گا تو وہ ہمیشہ جہنم میں رہے گا، آج یہ بھی واضح ہوگیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی خارجی فتنہ ہی دراصل اسی فتنہ کا تسلسل ہے، جس نے سیدنا عثمان غنیؓ اور سیدنا حضرت علیؓ کو شہید کیا اور ان کے پیچھے کفر کا ہاتھ تھا۔