بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے کرائے کے قاتل، جو ڈالر لیتے ہیں، طلال چوہدری

طلال چوہدری

اسلام آباد (13 جولائی 2025): وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے ڈالر لینے والے کرائے کے قاتل ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے کرائے کے قاتل ہیں، جو ڈالر لیتے ہیں۔ ملک پر کسی پراکسی یا دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ان پراکسیز کا بھی وہی حال ہوگا، جو آپریشن سندور کرنے والے جہازوں کا ہوا تھا۔ یہ تھوڑے سے لوگ ہیں۔ ہم جنگ جیت رہےہیں اور جیت کر دکھائیں گے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی اسپانسرڈ پراکسیز پنجاب کے خلاف بیانیہ بناتی ہیں۔ دشمن پراکسیز کے ذریعہ اب چھپ کر حملے کر رہا ہے۔ 219 حملوں میں 514 پنجابیوں اور سندھیوں کو قتل کر دیا گیا۔ ان کی پہچان صوبہ نہیں بلکہ یہ سب پاکستانی تھے۔ دشمن تو چاہتا ہے کہ بلوچ، سندھی اور پشتون آپس میں لڑ پڑیں۔ مسنگ پرسن کا صرف ڈراما ہے، یہ لاپتہ نہیں بلکہ وہ حملے کرتے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں اسکولوں، صحت مراکز، گیس تنصیبات اور دیگر مقامات پر حملے کیے گئے۔ مارنے والا دہشت گرد اور فتنہ الہندوستان کا پراکسی ہے۔ ان کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی لسانی رشتہ۔ چلتی بسوں پر حملے کرنا بلوچوں کی روایات نہیں۔ یہ اتنے بہادر ہیں تو سیکیورٹی فورسز کے سامنے آ کر حملہ کیوں نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ نئے آپریشن کی ضرورت نہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی اس قابل ہیں کہ ایسے فتنے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں۔ دہشتگردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ روز کی بنیاد پر کئی دہشتگرد مارے اور کئی پکڑے جاتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں روزانہ سیکیورٹی فورسز کے تین لوگ شہید ہوتے ہیں۔ جب تک ہر آدمی اور سیاسی جماعت سیکیورٹی فورسز کے پیچھےکھڑے نہیں ہوتی، فائدہ بھارت کو ہوتا رہے گا۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کیخلاف بلوچستان حکومت فرنٹ لائن پر ہے اور اس کے اقدامات سے صوبے میں دہشتگردی میں کمی آئی ہے۔ 90 فیصد واقعات کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں سے روک لیا جاتا ہے۔ کے پی حکومت پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے دہشتگردی کے خلاف اقدامات کرے۔

https://urdu.arynews.tv/balochistan-fitna-ul-hindustan-terrorists-kill-passengers/