وزیراعظم کی درخواست پر بنگلادیشی کپتان نے فیصلہ واپس لے لیا

ڈھاکا: اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے بنگلا دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر ون ڈے ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے دستبرداری اختیار کی ہے۔

جمعہ کی سہ پہر کو اہم موڑ اس وقت آیا جب بنگلا دیش کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ، جو اب پارلیمنٹ کے رکن ہیں نے بنگلہ دیش کے وزیر اعظم سے اس صورحال پر نوٹس لینے اور مداخلت کی درخواست کی ۔

نتیجتاً ڈھاکا میں شیخ حسینہ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں تمیم ان کی اہلیہ، مشرفی مرتضیٰ اور بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے شرکت کی۔ مختصراً، ملاقات کے بعد بی سی بی کے ڈائریکٹر جلال یونس نے کہا کہ تمیم اقبال کا دل بدل گیا ہے اور انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دو روز قبل تمیم اقبال نے بھارت میں ورلڈ کپ شروع ہونے سے تین ماہ قبل بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔

چٹوگرام میں اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمیم اقبال آبدیدہ بھی ہوگئے تھے۔ ایک روز قبل ون ڈے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو شکست دی تھی جس پر کھلاڑی تمیم اقبال نے کہا کہ کل افغانستان کے خلاف میرا آخری میچ تھا، میرا فیصلہ اچانک نہیں تھا، مختلف وجوہات کے بنا پر اعلان کررہا ہوں جس کا ذکر میں یہاں نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے، مجھے یہاں چند لوگوں کا شکریہ ادا کرنا ہے، میں اپنی فیملی خاص اپنے والد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان تمام کھلاڑیوں کا شکریہ جس کے ساتھ میں کھیل چکا ہوں ۔