ٹینکر کے ڈرائیور نے جھگڑے کے بعد سامنے کھڑے نوجوان پر تیزی سے گاڑی چڑھا دی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دہلی میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ٹینکر ڈرائیور نے ہجوم کے حملے سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک نوجوان کو اپنی گاڑی کے نیچے کچل دیا، اس وحشیانہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جبکہ لوگ اس پُرتشدد عمل پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔
مذکورہ واقعہ 3 جولائی کو جنوبی دہلی کے ضلع کے سنگم وہار کے علاقے میں پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکوں کا ایک گروپ پانی کے ٹینکر کو گھیرے ہوئے ہے۔
اس دوران کچھ لڑکے ڈرائیور سے بحث کررہے ہیں جبکہ ایک لڑکا اشتعال میں آکر بار بار ٹینکر کے سامنے والے شیشے کو بلاک مار کر توڑے کی کوشش کررہا ہے۔
ویڈیو میں ڈرائیور کو باہر نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، تاہم صورتحال بگڑنے پر ڈرائیور نے حملہ آوروں میں سے ایک پر گاڑی چڑھا دی، گاڑی کے اگلے اور پچھلے دونوں ٹائر نے لڑے کو بری طرح روند دیا۔
ڈرائیور اس عمل کے بعد فوری طور پر فرار ہوگیا جبکہ وہاں موجود لڑکوں کے گروپ اور دیگر لوگوں نے ٹینکر کا پیچھا کرنے کی کوشش کی۔
دہلی میں حالیہ شدید بارش کی وجہ سے سنگم وہار جیسے علاقوں میں پانی بھر گیا تھا، 3 جولائی کو وہاں سے گزرتے ہوئے ایک واٹر ٹینکر سے لڑکوں کے ایک گروپ پر پانی کے چھینٹے پڑے جس کے بعد یہ جھگڑا شروع ہوا۔
شدید زخمی ہونے والے لڑکے کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس نے ٹینکر کو قبضے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔