ممبئی (23 جولائی 2025): بھارت میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات میں کمی نہ آ سکی اور اب ایک نامور اداکارہ بھی گھر پر خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے خود کو گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے الزامات لگا دیے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو پوسٹ کی۔
منگل کی رات تنوشری دتہ نے ویڈیو میں بتایا کہ مجھے MeToo مہم چلانے پر سال 2018 سے ہراساں کیا جا رہا ہے، میں اپنے گھر پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے پریشان کیے جانے پر باضابطہ شکایت درج کروانے کیلیے پولیس اسٹیشن جا رہی ہوں۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں تنوشری دتہ نے واقعے کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے اپنے ہی گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، میں نے ابھی پولیس اہلکاروں کو فون کیا ہے اور انہوں نے مجھ سے پولیس اسٹیشن آنے اور باضابطہ شکایت درج کروانے کیلیے کہا ہے، میں کل جاؤں گی۔
’میرے ساتھ ٹھیک نہیں ہو رہا، مجھے اتنا پریشان کیا جا رہا ہے کہ 4، 5 سالوں سے میری طبیعت نہیں سنبھل رہی، میں کچھ کرنے کے قابل نہیں رہی میرا گھر برباد ہوگیا ہے۔‘
بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ میں گھریلو ملازمین کی خدمات بھی نہیں لے پا رہی کیونکہ وہ ان کے ذریعے مجھے ہراساں کرتے ہیں، گھریلو ملازمین آتے ہیں اور گھر میں چوریاں کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے درخواست کی کہ مجھے اپنا کام کرنے دیا جائے، میں اپنے ہی گھر میں پریشان ہوں، کوئی میری مدد کرے۔
واضح رہے کہ سال 2018 میں تنوشری دتہ نے نامور اداکار نانا پیٹیکر پر جنسی ہراسانی کرنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ انہوں نے فلمساز ویویک اگنیہوتری پر بھی ایسا ہی ایک الزام عائد کیا تھا۔