اسلام آباد: ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی اور رفیع عثمانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور کشمیریوں کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر مبارک باد پیش کی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کے مطابق عمران خان سے مفتی تقی عثمانی اورمفتی رفیع عثمانی کی ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی دعوت پر دونوں ممتاز علماء دین ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچے اور یہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی اور رفیع عثمانی سے وزیراعظم نے ملاقات کے دوران امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور تعلیمی اصلاحات پر گفتگو کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی نےکشمیریوں کاکیس اجاگرکرنے پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ عمران خان نے علماء دین سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ کابینہ اراکین کے ساتھ بھی نشست رکھیں۔
قبل ازیں 24 اکتوبر کو وزیر اعظم عمران خان نے مشائخ اور علماء دین سے ملاقات کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’’حضور اکرم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین عملی نمونہ ہے کہ ہم کس طرح کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں‘‘۔