این ڈی ایم اے کا تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ

تربیلا ڈیم این ڈی ایم اے

اسلام آباد (25 اگست 2025): این ڈی ایم اے نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این ڈی ایم اے سے جاری اطلاع کے مطابق آج تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے، جس کے باعث 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پانی کے بہاؤ کا امکان ہے۔

اسپل ویز کھلنے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، اس لیے قریبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکین آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور مقامی انتظامیہ سے تعاون اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کلاؤڈ برسٹ سے مکئی کی فصل کو شدید نقصان

محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، قادر آباد بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 108724 کیوسک ہے، اور پانی کا اخراج 91724 کیوسک ہے۔

سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے جموں توی میں پانی کا اخراج 18 ہزار 467 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، سیلابی صورت حال میں 18 موضع جات متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، ممکنہ سیلاب میں 5 ہزار 47 افراد کے بے گھر یا متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سیلاب سے ندالہ، سید پور، چک سلہریاں، ابدال، چک بالو صالح پور زد میں آ سکتے ہیں۔