تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (27 اگست 2025): حکام نے آج دن ساڑھے 12 بجے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا کہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھلنے کے باعث پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک متوقع ہے، دریائے سندھ کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے سے مکین قریب جانے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا گیا، نشیبی علاقوں کے مکین محتاط رہیں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں، سیلابی صورتحال پر انڈس واٹر کمشنر کی جانب سے الرٹ نہیں بھجوایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے چناب کا ریلا جب تک رحیم یار خان سے نہیں گزرتا چیلنج رہے گا، دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام سے آج رات ریلا گزرے گا۔

عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ 1988 کے بعد پہلی بار دریائے راوی میں اتنی زیادہ مقدار میں پانی گزرے گا، اس وقت سیلابی ریلا خانکی کے مقام سے گزر رہا ہے، خانکی ہیڈورکس سے پانی چند گھنٹوں میں گزر جائے گا، سیلابی ریلے سے اسٹرکچر کو کسی قسم کا نقصان پہنچنے کا خدشہ نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج میں پچھلے 8 سے 10 روز سے اونچے درجے کا سیلاب ہے، آج رات شاہدرہ کے مقام سے بڑا سیلابی ریلا گزرے گا، کل دریائے راوی اور چناب میں چند گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کا ریلا آیا، دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا ریلا گزر رہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک سے زائد ہے، دریائے چناب میں ایک دہائی کے بعد اتنا پانی آیا ہے، اس کے اطراف 128 دیہات زیر آب آئے ہیں، دریاؤں کے قریب بستیوں سے بروقت لوگوں کا انخلا کروایا گیا ہے۔