نئی دہلی : بھارت کی معروف کمپنی اب آئی فون مقامی سطح پر بنائے گی، اس بات کا اعلان وفاقی وزیر آئی ٹی نے گزشتہ روز کیا۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر راجیو چندر شیکھر نے میڈیا کو بتایا کہ ٹاٹا گروپ ہندوستان میں ایپل آئی فونز کی اسمبلنگ شروع کرنے کے لیے تیار ہے جس کیلئے وسٹرون کارپوریشن نے اسے فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا ہے کہ کہ ٹاٹا گروپ کی ایک کمپنی مقامی اور عالمی مارکیٹ کے لیے انڈیا میں آئی فون بنانا شروع کر دے گی۔
PM @narendramodi Ji's visionary PLI scheme has already propelled India into becoming a trusted & major hub for smartphone manufacturing and exports.
Now within just two and a half years, @TataCompanies will now start making iPhones from India for domestic and global markets from… pic.twitter.com/kLryhY7pvL
— Rajeev Chandrasekhar (@Rajeev_GoI) October 27, 2023
اس سلسلے میں وزیر آئی ٹی نے تائیوان میں قائم کمپنی کا بیان شیئر کیا ہے جس کے مطابق وسٹرون بورڈ نے وسٹرون انفوکام مینوفیکچرنگ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو ٹاٹا الیکٹرونکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ہاتھ تقریباً 125 ملین ڈالر میں فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ویسٹرون کارپوریشن نے اس ضمن میں کسی تبصرے کے حوالے سے کیے گئے سوال کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2020 میں وسٹرون کو بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر نرساپورہ میں واقع پلانٹ کو تین ماہ کے لیے مجبوراً بند کرنا پڑا تھا۔
اس کی وجہ یہ تھی کہ کارکنوں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچایا جس سے کمپنی کو لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوا۔