عوام کا اعتماد، ٹیکسز کی وصولی میں تاریخی اضافہ

ایف بی آر

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جنوری 2020 میں حاصل ہونے والے اہداف کی رپورٹ جاری کردی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2020میں حاصل کردہ ریونیو 320ارب روپے رہا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 17فیصد اضافی ہے۔

ایف بی آر ترجمان کے مطابق ریونیو کی مجموعی تعداد میں بھی 17فیصد مثبت اضافہ حاصل ہوا، اسی طرح ٹیکسز میں برتری اندرونی ٹیکسز سے ہونے والی آمدنی میں 30فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایف بی آرمیں اس سے پہلےکبھی اتنا زیادہ اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا، رواں سال گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعدادمیں 40فیصد اضافہ ہوا، گوشوارےجمع کرانےوالوں کی تعدادمیں اضافہ عوام کا ادارے پر اعتماد ہے۔

اعلامیے کے مطابق جنوری 2019 تک گوشوارےجمع کرانے والوں کی تعداد 16لاکھ45ہزار828 تھی جو 31جنوری 2020کو بڑھ کر23لاکھ 42 ہزار 682 تک پہنچ گئی، رواں سال 120ارب کےریفنڈز جاری ہوئے جبکہ گزشتہ سال 65 ارب واپس کیے گئے تھے۔