افریقی ملک نے آئی ایم ایف سے بچنے کا حل ڈھونڈ لیا

شمالی افریقی ملک تیونس نے آئی ایم ایف سے بچنے کا راستہ ڈھونڈ لیا۔ تیونس کے صدر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے بچنے کے لیے امیر ترین افراد پر ٹیکس لگائے جائیں۔

صدر قیس سعید نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے "غیر ملکی حکم” سے بچنے کے لیے ملک کے امیر ترین شہریوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی ہے۔

گزشتہ اکتوبر میں تقریباً 2 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج پر اصولی طور پر ایک معاہدے تک پہنچنے کے باوجود، عوامی اداروں کی تنظیم نو اور بنیادی اشیا پر سبسڈی ختم کرنے کے مطالبات پر آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مہینوں سے تعطل کا شکار ہے۔

وزیر اعظم نجلا بودن سے ملاقات کے دوران صدر قیس سعید نے اسلام کے دوسرے خلیفہ عمر ابن الخطاب سے منسوب ایک اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے”غریبوں کو دینے کے لیے امیروں سے زائد رقم لینے” کا خیال پیش کیا۔

قیس سعید نے کہا کہ ریشنلائزیشن کے نام پر سبسڈی ختم کرنے کے بجائے، ان لوگوں پر اضافی ٹیکس لگانا ممکن ہو گا جو ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ اس طرح کے طریقہ کار کا مطلب یہ ہوگا کہ غیرملکی قرض کے سامنے ملک کو جھکنا نہیں پڑے گا۔

تیونس کے وزیر خزانہ سیہام نیمسیح نے خبردار کیا کہ قرضوں کی ادائیگی میں ناکامی "ریاست کے دیوالیہ ہونے” کا باعث بنے گی۔

تیونس کی پارلیمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے لیے افریقی ایکسپورٹ-امپورٹ بینک سے نصف بلین ڈالر کا قرض حاصل کرنے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔