زمبابوے ٹیم کے اہم کھلاڑی پی سی بی کی میزبانی کے معترف

اسلام آباد: زمبابوے ٹیم کے وکٹ کیپر برینڈن ٹیلر پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی کے معترف ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں زمبابوے کے اہم کھلاڑی نے کہا کہ وہ اسلام آباد کے ایک بہترین ہوٹل میں مقیم اور پی سی بی کی ناقابل یقین میزبانی اور حفاظتی انتظامات سے پوری طرح لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کے مطابق وہ بارہ سال کے طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر پاکستان آمد پر سیریز کے آغاز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یہاں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جائے۔

https://twitter.com/BrendanTaylor86/status/1321109436958691329?s=20

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے یکم نومبر جب کہ تیسرا اور آخری میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔