نیویارک : امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئی ہے، ٹیلر سوئفٹ کو امریکی میوزک ایوارڈز میں دہائی کی بہترین فنکارہ کے ایواڈ سے نوازا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی گلوگارہ ٹیلر سوئفٹ کا شمار صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہترین گلوکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے، ان کے اس ہی ٹیلنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اگلے ماہ منعقد ہونے والے امریکی میوزک ایوارڈز میں آرٹسٹ آف دی ڈیکیڈ (دہائی کی بہترین فنکارہ) کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایوارڈز انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کو نومبر میں اے بی سی چینل کی لائی ٹیلی کاسٹ کے دوران یہ اعزاز دیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اعزاز قبول کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیلر سوئفٹ مشہور زمانہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گی، ٹیلر سوئفٹ اب تک 23 امریکن میوزک ایوارڈز جیت چکی ہیں، اس سال انہیں 5 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مائیکل جیکسن نے اب تک امریکن میوزک ایوارڈز میں 24 ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔
خیال رہے چند ماہ قبل مایہ ناز امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد طالبہ کی یونی ورسٹی کی فیس ادا کرکے ساری دنیا کو حیران کردیا تھا اور ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کو ساری دنیا میں سراہا گیا تھا۔