جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کا انداز مختلف ہوگا، ندا ڈار

کراچی: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کی تیاری گزشتہ 6 ماہ سے جاری تھی، ٹی 20 سیریز میں ٹیم مختلف دکھائی دے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمنزٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی، جس میں دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے فوٹو سیشن بھی کرایا، کپتان پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ندا ڈارنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی ٹیم مختلف دکھائی دے گی۔

ندا ڈار کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی خواتین کے خلاف ہوم سیریز کے سلسلے میں تیاریاں گزشتہ 6 ماہ سے جاری تھی، ہماری ٹیم اب اٹیکنگ کرکٹ کھیلے گی۔

انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جارحانہ انداز سے ٹی 20 کرکٹ کھیلی جاتی ہے، ہم ایشین گیمز کی تیاری بھی مکمل کرنا چاہتے ہیں، ایشیا کپ کے میچز بھی ہم دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ دعا یہی ہے کہ پاکستان مینز ٹیم بھرپور انداز سے کامیابیاں حاصل کرے، خواتین کرکٹ ٹیم سمیت ڈومیسٹک کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ ملے ہیں۔