نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ

نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے اور بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر پاکستانی سیاست کے تین بڑوں لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف، دبئی میں موجود سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے اور بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ پر محفوظ فیصلہ اب سے کچھ دیر میں سنانے والی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل ملک بالخصوص حکومتی حلقوں میں ہلچل نمایاں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے جس کے بعد چوہدری شجاعت کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مل کر چلیں۔

دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کے متوقع فیصلے کے پیش نظر پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں عدالتی فیصلے کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔