’’اپنے پوتے پوتیوں کو بتاتا عظیم آسٹریلوی سائیڈ مجھے آؤٹ کرنے سے قاصر تھی!‘‘

معروف بھارتی صحافی اور کمنٹیٹر نے عامر جمال کی اننگز کا اسکرین شاٹ لینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عامر جمال نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے نہایت شاندار 82 رنز اسکور کیے تھے اور گراؤنڈ کے چاروں جانب اتنے دلکش اسٹروک کھیلے تھے کہ شائقین عش عش کراٹھے تھے۔

عامر جمال کی اننگز کے دوران کمنٹری باکس میں موجود بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور یہ بھی بتایا کہ اگر وہ پاکستانی آل راؤنڈ کی جگہ ہوتے تو کیا کرتے۔

انھوں نے اس عمدہ اننگز کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر میں عامر جمال ہوتا تو اس اننگز کا اسکرین شاٹ لے کر اپنے پاس محفوظ کرلیتا۔‘‘

ہرشا نے مزید کہا کہ ’’میں اپنے پوتے پوتیوں کو بتاتا کہ عظیم آسٹریلوی سائیڈ مجھے آؤٹ کرنے سے قاصر تھی! انھوں نے باؤنڈری پر 5 فیلڈرز اس لیے کھڑے کردیے تھے کہ وہ مجھے آؤٹ نہیں کرپارہے تھے‘‘۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں عامر جمال کے شاندار 82 رنز اور محمد رضوان کے 88 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت 313 رنز بنائے تھے۔ پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنائے ہیں۔