اسکول کا ناغہ کیے بغیر 50 ممالک کا سفر کرنے والی دس سالہ بچی!

آدیتی تریپاٹھی جو کہ صرف 10 سال کی ہیں لیکن ابھی سے اپنے خوابوں کو جی رہی ہیں اور اتنی چھوٹی سے عمر میں ہی وہ 50 سے زائد مختلف ممالک کی سیر کرچکی ہیں۔

ہم میں سے بہت سے لوگوں کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مختلف ممالک کا سفر کریں، وہاں کی سیر کریں اور قدرت کی تخلیق کی ہوئی نئی نئی چیزیں دریافت کریں تاہم ایسا کسی کسی کے نصیب میں ہی لکھا ہوتا ہے۔

زندگی کے تیزرفتار شیڈول میں سے سفر کے لیے وقت نکالنا ویسے ہی کافی مشکل ہے، تاہم ہندوستانی نژاد آدیتی اس معاملے میں خوش نصیب ہے کہ اس بچی نے 10 سال کی عمر کو پہنچنے سے قبل ہی 50 مختلف ممالک کی سیر کرلی ہے۔

آدیتی نے اپنے پہلے سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ تین سال کی تھیں تو پہلی بار جرمنی گئی تھیں، جس کے بعد وہ فرانس، آسٹریا اور اٹلی بھی گھوم کر آئیں، وہ اب تک انڈونیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ سمیت تقریباً پورے یورپ کا دورہ کر چکی ہیں۔

بچی کے والدین دیپک اور اویلاشا ترپاٹھی پیشے کے لحاظ سے اکائونٹینٹ اور یہ خاندان لندن میں مقیم ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے اس چیز کو یقینی بنایا ہے کہ آدیتی ایک بھی دن اسکول کا ناغہ کیے بغیر دنیا کے سفر سے لطف اندوز ہوں۔

بچی کے والدین اسے اسکول کی چھٹیوں اور قومی تعطیلات کے دوران اسے دنیا گھمانے لے کر گئے اور آدیتی کو 50 سے زیادہ ممالک دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔