پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملہ، 3 اہلکار شہید

بلوچستان کے علاقے شیرانی میں دانہ سر پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ بلوچستان کے علاقے شیرانی میں پیش آیا ہے جہاں آج صبح دہشتگردوں نے دانہ سر پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

ایس پی عرفان علی کے مطابق حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے جن میں سب انسپکٹر بہادر خان بابر، سپاہی باز خان اور محمد افضل شامل ہیں۔

شہدا کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ژوب منتقل کر دیا گیا ہے۔

 ڈی ایس پی کے مطابق شیرانی دانہ سر پولیس چیک پوسٹ حملےمیں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، قوم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب صادق آباد کے تھانہ بھونگ کی حدود مین ڈاکوؤں نے پولیس پر حملہ کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موبائل کو نقصان پہنچا جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جب کہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔