کراچی: محکمہ انسداد دہشتگردی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے دوران نیول کالونی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کارندہ گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم لاہور میں داتا دربار اور ایف سی چیک پوسٹ پر دھماکوں میں بھی ملوث ہیں، ملزم میر ویس سے دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم سے ایک کلو وزنی دھماکا خیز مواد اور ڈیڈکورڈ وائر 2 میٹر، ڈیٹونیٹر، دستی بم، کلاشنکوف، میگزین 20 راؤنڈز اور رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے افغانستان سے دہشتگردی کی تعلیم حاصل کی، وہ دیگر ساتھیوں سے مل کر دہشتگردی کا ارادہ رکھتا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
8 مئی 2019 کو لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار کے باہر دھماکا ہوا تھا جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس نے دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اس میں سکیورٹی پر مامور فورس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔