انٹیلی جنس کی پیشگی اطلاع پر خیبر پختونخوا پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ڈی آئی خان القاعدہ اور ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک کر دیا۔
انتہائی مطلوب دہشتگرد کی شناخت اقبال عرف بالی کھیارہ کے نام سے ہوئی ہے جسے ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک کیا گیا۔
دہشتگرد 26 وارداتوں میں خیبر پختونخوا اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا جس کے سر کی قیمت 1 کروڑ 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ اقبال دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا کی وارداتوں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹراما سینٹر خودکش دھماکے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھا۔
اس کی ہلاکت خیبر پختونخوا پولیس کی رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات گنڈاپور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ہلاک دہشتگرد نے ڈی آئی خان کے علاقے 13 وارداتیں کیں جبکہ 30 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
اختر حیات گنڈاپور نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ اقبال علاقے میں موجود ہے اور پروواکی جانب جا رہا تھا، اقبال ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ کلنگ میں ملوث رہا ہے، پولیس نے بڑی کارروائی کی، اہلکاروں کو شاباش ہے۔