افغانستان اور نیوزی لینڈ کا واحد ٹیسٹ بغیرکوئی گیند پھینکے ختم

افغانستان اور نیوزی لینڈ کا بھارت کی سر زمین پر کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ میچ پانچوں دن بارش کے باعث کوئی گیند پھینکے بغیر ختم ہو گیا۔

بھارت کے گریٹر نوئیڈا اسٹیڈم نے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی لیکن بارش نے مسلسل پانچ دن برس کر میدان میں بولرز کو گرجنے اور بلے بازوں کو رنز کی برسات نہ کرنے دی۔ یوں یہ میچ ایک گیند پھینکے بغیر ہی ختم ہوگیا اور کرکٹ کی تاریخ میں یہ آٹھواں موقع ہے جب کسی ٹیسٹ میچ میں ایک گیند بھی نہ کرائی جا سکی۔

ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز افغانستان کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا گریٹر نوئیڈا میں اب بھی بارش ہو رہی ہے اور مسلسل بارش کی وجہ سے یہ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں گزشتہ ہفتے مسلسل بارش ہوئی تھی اور گراؤنڈ میں ناقص نکاسی آب کے نظام کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہو گئی تھی، جس اثر پہلے دو دنوں کے کھیل میں پڑا۔ اس کے بعد گزشتہ 3 دنوں میں بارش نے مداخلت کی اور ایک بھی گیند ڈالے بغیر میچ کو ختم کرنا پڑا۔

یہ 1998 کے بعد پہلا موقع ہے۔ اس میچ کی منسوخی نے شائقین کرکٹ کو مایوس کر دیا، کیونکہ دونوں ٹیموں نے اس میچ کو اپنے لیے اہم موقع سمجھا تھا۔

تاہم یہ میچ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا حصہ نہیں تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی لینڈرز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کل بھارت سے سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی۔

https://urdu.arynews.tv/icc-champions-trophy-indian-team-new-formula/