ٹیسٹ کرکٹ میں حکمرانی کے لیے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل شروع ہوگیا ہے مگر وہاں بھی چرچے پاکستانی قائد بابر اعظم کے ہیں۔
اوول کرکٹ گراؤںڈ میں بھارت اور آسٹریلیا گزشتہ روز ٹیسٹ کرکٹ میں حکمرانی کا خواب لے کر میدان میں اتریں ہیں یہ مقابلہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔ پہلے روز آسٹریلوی بلے بازوں نے بھارتی بولروں کی خوب درگت بنائی اور تین وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا لیے مگر وہاں میچ سے زیادہ قومی کرکٹ ٹیم کے قائد عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم کے چرچے ہو رہے ہیں۔
سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پری شو میں شرکت کی اور کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو آئئکونز کی ضرورت ہے جیسا کہ برائن لارا ویسٹ انڈیز کے ہیرو تھے۔
انہوں نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بابر اعظم کی حیثیت بھی آئیکون کی ہے کیونکہ شائقین ان کی وجہ سے میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں آتے ہیں۔
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ بابر اعظم اپنی مستقل مزاجی کے ساتھ اعلیٰ پرفارمنس کے بدولت کرکٹ لیجنڈ بننے کے راستے پر ہیں۔