امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 104 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک سو چار ہو گئی ہے، مرنے والوں میں 28 بچے بھی شامل ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی کوششیں اب 5 ویں دن میں داخل ہو گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی اکثریت کیر کاؤنٹی میں تھی جہاں امریکی حکام نے مشہور مسٹک سمر کیمپ سے لاپتا 28 لڑکیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر دی ہے تاہم ان کی لاشیں تاحال نہیں مل سکی ہیں۔
ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز نے سیلاب کی تباہ کاری کی شدت دیکھ کر کہا کہ یہ ایک معجزہ ہے کہ ریاست میں 4 جولائی کے تباہ کن سیلاب میں زیادہ بچے اپنی جان نہیں گنوا بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹیاں بھی اس علاقے میں سمر کیمپ میں ایک دہائی سے شرکت کرتی رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات، غزہ میں جنگ بندی کا اعلان نہ ہو سکا
ٹیکساس کے مختلف شہروں میں تیز بارش اور آندھی نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، سیکڑوں گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، سڑکیں بند اور ٹرین سروس معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دیا، وہ جمعہ کو متاثرہ ریاست کا دورہ بھی کریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ سیلاب زدہ مقام پر غلط وقت پر زبردست بارش ہوئی ہے، مقامی لوگ ایک طویل ویک اینڈ منا رہے تھے اور جب بہت سے لوگ سو رہے تھے تو اس دوران سیلاب بہت تیزی سے خطرناک حد تک بڑھ گیا۔