ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکساس کے مغربی شہروں مڈلینڈ اور اوڈیسا کے درمیانی علاقے میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور 3 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سفید فام حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، مسلح شخص نے فائرنگ کا آغاز ٹریفک سگنل پر پولیس اہلکار کو نشانہ بنا کر کیا اور پھر پوسٹل سروس کی وین ہائی جیک کرکے فرار ہوگیا۔
پوسٹل سروس کی وین ڈرائیو کرتے ہوئے ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں ٹیکساس میں ہونے والی فائرنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کررہے ہیں۔
Just briefed by Attorney General Barr about the shootings in Texas. FBI and Law Enforcement is fully engaged. More to follow.
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) August 31, 2019
یاد رہے کہ 4 اگست کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پاسو کے سیلو وسٹا شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے تھے پولیس نے فائرنگ میں ملوث ایک سفید فام لڑکے پیٹرک کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال اب تک ماس شوٹنگ کے 250 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں اور امریکی سوسائٹی میں اس سب کو لے کر بے پناہ تشویش پائی جارہی ہے۔