اسلام آباد: رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف ایئرچیف مارشل چیا پُرک دِدیا سارن نے انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاک فضائیہ کی کامیابیوں کو سراہا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے سربراہ ایئرہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں اُن کا استقبال ایئرچیف مارشل اور فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کیا۔
پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے تھائی لینڈ کے ایئرچیف کو سلامی پیش کی، بعد ازاں دونوں فضائیہ سربراہان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ امور سمیت علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان کو پاک فضائیہ کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، دونوں ممالک کے سربراہان نے باہمی تعاون، دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے سربراہان نے دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں جو قابل تعریف ہیں، پاکستان ایئرفورس پیشہ وارانہ مہارت میں عبور رکھتی ہے‘۔
یاد رہے کہ رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔