’تاجر برادری شٹرڈاؤن کرنےجا رہی ہے‘

22 اپریل کو ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

مرکزی صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ تاجر برادری شٹرڈاؤن کرنےجا رہی ہے کسی بھی وقت پورے پاکستان میں ہڑتال کی کال دے دیں گے۔

راولپنڈی مری روڈ پر جماعت اسلامی کے مہنگائی اور بڑھتے بجلی بلوں کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باضابطہ طور پر انجمن تاجران کی طرف سےجلسے میں شریک ہیں اس وقت ملک میں تاریخ کی بدترین حکومت ہے اس حکومت نےسب کچھ تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

اجمل  بلوچ نے کہا کہ یہ تو 300 یونٹ مفت دینے آئے تھے الٹا مزید ٹیکس لگا دیا ہے ان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں تاریخ کی بدترین حکومت ہے ان کو چاہیے کہ حکومت چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس گرمی میں یہاں بیٹھے ہر شخص کو سلام ہے حافظ نعیم الرحمان اسلام آباد آئیں گے تو ویلکم کروں گا جہاں تک حافظ نعیم کہیں گے وہاں تک چلیں گے۔