کراچی اور اسلام آباد کے کپتانوں نے کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، تحائف دیے

پی ایس ایل 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ سے قبل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتانوں نے کینسر کے مریض بچوں کو تحائف دیے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے موقع پر کینسر سے آگاہی کے لیے گولڈن ربن ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گولڈن کیپس اور ربن پہن کر میچ کھیلا جب کہ میچ سے قبل مدعو کیے گئے کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات کرکے انہیں تحائف دیے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کینسر سے آگاہی کے دن کے موقع پر کینسر سے متاثرہ مریض بچوں اور شفا یاب بچوں اور ان کے اہلخانہ کو نیشنل بینک کرکٹ ارینا گراؤنڈ مٰں مدعو کیا گیا تھا جہاں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور اسلام آباد کنگز کے کپتان شاداب خان نے ان بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور انہیں دستخط شدہ ٹی شرٹس کے تحائف دیے۔

اس موقع پر ننھے پھولوں کی خوشی دیدنی تھی اور وہ اس تقریب اور میچ سے بھرپور انداز سے محظوظ ہوئے جب کہ میچ کے دوران بڑی اسکرینز پر کینسر کے پھیلاؤ کو روکنے اور علامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

گولڈن ربن ڈے کے موقع پر پی ایس ایل کے کھلاڑیوں نے اس موقع پر مختلف پیغامات بھی دیے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کینسر ایک موذی مرض ہے، بروقت تشخیص ہو تو علاج ممکن ہے۔ اس مرض سے لڑنے والے بچے ہمارے بہادر جنگجو ہیں۔

اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزے کا کہنا تھا کہ کینسر سے لڑنے کیلیے صبر اور فیملی کا ساتھ چاہیے ہوتا ہے۔ محمد حسنین نے کہا کہ کینسر میں مبتلا بچوں کو نارمل زندگی جینے کا موقع نہیں ملتا۔ فخر زمان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو کینسر سے لڑنے کے جذبے کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ مارٹن گپٹل نے کہا کہ بچوں کیلیے پیغام ہے، لڑتے رہیں اور اپنا حوصلہ بلند رکھیں۔

ایک سروے کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 4 لاکھ بچے کینسر کا شکار ہوتے ہیں اور پاکستان میں یہ تعداد تقریباً 90 ہزار بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے دوران ہر سال کینسر سے آگاہی کا دن مناتا ہے اور یہ لگا تار پانچواں سیزن ہے جس میں پی سی بی (پی ایس ایل) کے دوران اس دن کو منایا گیا۔