پی ٹی آئی کی ضمنی انتخابات 16 کے بجائے19 مارچ کو کرانے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات والے متعلقہ حلقوں میں 16 مارچ کو مقامی چھٹی دی جائےگی اور اس حوالے سے کہ الیکشن کمیشن متعلقہ صوبوں کو ان حلقوں میں مقامی چھٹی کیلئےخط لکھےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے الیکشن کمیشن 60 روز میں ضمنی انتخابات کرانے کاپابند ہے، 19 مارچ کو الیکشن کرانے سےآئینی خلاف ورزی ہو جائےگی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تینتیس نشستوں پرضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرچکاہےاور پولنگ کے لئے جمعرات کا دن مقررکیاہے۔
اسد عمر نے کہا کہ جمعرات معمول کا دن ہےاور عوام مصروف ہوں گے، ورکنگ ڈے پر پولنگ سے ووٹرز ووٹ کے حق سے محرومی کےامکانات ہیں اگر مقامی طورپر چھٹی کا فیصلہ کیاجاتا ہےتو بھی ٹرن آؤٹ پرمنفی اثرکےامکانات ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شیڈول پر نظر ثانی کرےاوراتوار انیس مارچ کو انتخابات کرائے، الیکشن کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔