اسلام آباد : صدر ممنون حسین اب کسی بھی خوف کے بغیر اسلام آباد میں آزادی سے ڈرائیونگ کر سکتے ہیں کیونکہ صدر کو نیا ڈرائیونگ لائسنس مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ مملکت نے نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیا، ممنون حسین کا پہلے کراچی کا ڈرائیونگ لائسنس بنا ہوا تھا، جس کی مدت ختم ہوگئی تھی لیکن اب انہوں نے اسلام آباد سے لائسنس کی تجدید کرائی ہے، اس سلسلے میں کراچی ٹریفک پولیس نے صدر کو قانون کے مطابق این او سی جاری کیا۔
صدر مملکت ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے خود اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈ آفس پہنچے اور ایک عام آدمی کی طرح آٹو ٹوکن مشین سے خود 0441 ٹوکن لیا اور تمام طریقہ کار سے گزرے۔
صدر مملکت کا اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈ کواٹرز میں آئی جی اسلام آباد نے خیر مقدم کیا، اس موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس آفس میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر مملکت عوام میں گھل مل گئے اور لوگوں سے خیریت دریافت کی۔