متحدہ قومی موومنٹ کے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے حکومت ختم ہونے سے قبل ہی دفتر، رہائش اور مراعات واپس کرکے مثال قائم کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی گزشتہ شب تحلیل کر دی جس کے ساتھ ہی پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کے 16 ماہ کا دور اقتدار اختتام پذہر ہوگیا۔ وفاقی حکومت میں متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے مثال قائم کرتے ہوئے حکومت کے ختم ہونے سے قبل ہی دفتر، رہائش اور تمام مراعات واپس کردیں۔
امین الحق نے بتایا کہ انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دفتر چھوڑ دیا ہے جب کہ جمعرات کو منسٹر انکلیو اور گاڑی بھی واپس کر دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی وزارت کے دور میں پوری کوشش کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی، سرمایہ کاری اور زرمبادلہ میں اضافہ کر کے روزگار کے مواقع پیدا کروں۔
امین الحق نے دفتر چھوڑنے سے قبل عملے سے الوداعی ملاقات کی اور افسران کو شاباش بھی دی۔
تحلیل کی جانیوالی والی قومی اسمبلی میں 5 سال میں کیا کیا نشیب وفراز آئے؟
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شام صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو قومی اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی تھی جس پر صدر نے رات گئے دستخط کر دیے تھے۔
ختم ہونے والی اسمبلی ملک کی تاریخ کی 15 ویں اسمبلی تھی جس کو دو وزرائے اعظم، دو اسپیکر، دو ڈپٹی اسپیکر اور ایک صدر منتخب کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔