سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اراکین میں شامل اشرف جبار نے بھی پارٹی کو الوداع کہہ دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اشرف جبار نے بھی پارٹی کو الوداع کہہ دیا ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ کابینہ کا اعلان ہوا جس میں میرا نام ایک بار پھر ڈال دیا ہے جب کہ میں پارٹی کو چھوڑ چکا ہوں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اشرف جبار نے کہا کہ آج بہت ہی افسوس ہے کہ پی ٹی آئی کے فیصلےعجیب وغریب ہیں اور پارٹی سیاست کے بجائے ریاست کے ساتھ ٹکراؤ میں چلی گئی۔ ہماری لائف لائن پر حملہ ہوا اور شہیدوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ برگر لیڈر شپ نے ٹک ٹاکرز کے ساتھ مل کرریاست پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مقام کا تعین صرف سوشل میڈیا پر نظر آنے کو کیا جاتا تھا، کیا اس کی ذمے دار وہ تمام لیڈر شپ نہیں جنہوں نے ہدایات دیں؟ سوشل میڈیا ایکٹرز کو تو صرف لائیک چاہیے تھے، آج تمام کارکنان اور ان کے گھر والے پریشان ہیں اور ان لوگوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں جو خود ساختہ تھانیدار تھے اور اب روپوش ہیں۔ ریاست پر حملہ ہوا تھا اس کی ذمے داری کون قبول کرے گا؟
اشرف جبار نے کہا کہ کیا پارٹی کا بس یہ کام رہ گیا ہے کہ جماعت اسلامی کو ووٹ کیوں نہیں دیا اور شوکاز دیدیا۔ ہمیشہ چیئرمین پی ٹی آئی سے اختلاف کیا اور انہیں درست بات بتائی۔ وہ سیاست کو نہیں سمجھے لیکن اب انہیں سمجھ آ رہی ہے۔