وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے نتائج شائع نہیں کریں گے اور آئندہ عام انتخابات پرانی مردم شماری پر ہوں گے۔
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن سےمتعلق اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے ایم کیوایم بھی نئی مردم شماری پر الیکشن نہیں چاہتی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ن لیگ کو پنجاب میں اپنی اکثریت پرحکومت بنانی چاہیے، اعظم خان کہاں ہیں یہ ان کی فیملی کو پتا ہے اعظم خان آرام کر رہے ہیں اور فیملی کے ساتھ رابطے میں ہیں وہ جہاں بھی ہیں اطمینان سے ہیں اور خوش ہیں۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تھا کہ غالب امکان یہ ہی ہےکہ انتخابات پرانی مردم شماری پر کرانے پڑیں گے کیونکہ نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل باقی ہے اکتوبر میں الیکشن ہوئے تو پرانی مردم شماری کی بنیاد پر ہی ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حتمی مردم شماری میں کچھ علاقوں میں آبادی میں غیرمعمولی اضافہ سامنے آیا صوبوں کی درخواست پرمردم شماری کی مدت میں توسیع کی گئی تھی یہ ممکن نہیں مردم شماری کے نتائج نئے انتخابی شیڈول کے مطابق جاری کر سکیں۔