شمالی افریقی ملک الجزائر میں امتحان کے دوران نقل کرنے پر طالبہ کو جرمانے اور قید کی سزا سنا دی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق ثانوی اسکول کی طالبہ پر امتحان میں دھوکا دہی اور نقل کا حربہ استعمال کرنے کا جرم ثابت ہو گیا۔
عدالت نے شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے پر کیس کا فیصلہ سنا دیا جس میں طالبہ کو دو لاکھ دینار جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
طالبہ پر ثانوی اسکول کے امتحان میں جعل سازی کر کے نقل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ طالبہ نے دھوکا دہی کے عمل میں ٹیلی کمیونکیشن آلات کا استعمال کیا تھا۔
لڑکی کا موبائل فون بھی ضبط کیا گیا ہے۔ الجزائر میں رواں سال قریباً 8 لاکھ طلبہ و طالبات سکینڈری کے امتحانات دے رہے ہیں جس کے لیے 26 سو سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔