کروناوائرس سے پریشان حکومت کی مشکلات کم ہونے لگیں

اسلام آباد: کروناوائرس سے پریشان حکومت کی مشکلات کم ہونے لگیں، کروناوائرس کی تشخیصی کٹس کی نئی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی 10 تشخیصی کٹس جاپانی حکومت نے پاکستان کو عطیہ کی ہیں، جاپانی سفارت خانے نے کرونا کی کٹس این آئی ایچ حکام کے حوالےکر دیں۔

پاکستان نے جاپان سے کرونا ٹیسٹنگ کٹس فراہمی کی درخواست کی تھی، ایک ٹیسٹنگ کٹ کی مالیت 2ہزار امریکی ڈالر اور 50 ٹیسٹ ممکن ہوں گے، کرونا ٹیسٹنگ کٹس 31 جنوری کو پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھیں۔

ذرائع کے مطابق چین سے فضائی آپریشن معطل ہونے کے باعث کٹس پہنچنے میں تاخیر ہوئی، جاپان سے کرونا ٹیسٹنگ کٹس 2 فروری کو پاکستان پہنچنا تھیں۔

خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس پر قابو پانا مشکل ہوگیا، ایک ہی دن میں 64 افراد جان سے گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد425 ہوگئی ہے جبکہ چین نے کرونا وائرس سے نمٹنے میں کوتاہیوں کا اعتراف کرلیا۔