حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے اور بجٹ پر آل پاکستان انجمن تاجران کا ردعمل آگیا۔
صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے تاجر برادری کو مزید بوجھ اٹھانا پڑے گا آئی ایم ایف معاہدے سےمہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ جس دن ملک کے بڑےٹیکس دینا شروع کر دیں گے ملک کی تقدیر بدل جائےگی جب تک حکمران اخراجات میں کمی نہیں کریں گےعوام پربوجھ ہلکا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد سے سرمایہ کاروں کا اعتماد پھر سے بحال ہوا ہے اور اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ صبح ساڑھے نو بجے تک 100 انڈیکس میں 1986 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور انڈیکس43 ہزار439 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں غیرمعمولی تیزی نے کاروباری حلقوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، 100انڈیکس میں 2307 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، 100 انڈیکس 5.57 فیصد اضافے کے ساتھ 43759 پوائنٹس پر پہنچ گیا.