دبئی میں گاڑیوں کی خاص نمبر پلیٹ کی نیلامی میں ایک رجسٹریش پلیٹ جس پر ’’7‘‘ نمبر درج تھا وہ ساڑھے پانچ کروڑ درہم (ڈیڑھ کروڑ ڈالر) کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نایاب گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور فون نمبر دبئی میں ایک چیریٹی نیلامی میں فروخت کیے گئے ہیں جس کا مقصد رمضان میں ضرورت مندوں کے لیے ایک ارب فوڈ پیکٹ کی تقسیم ہے۔ اس نیلامی میں گاڑیوں کی خاص نمبر پلیٹ کی نیلامی میں ایک رجسٹریش پلیٹ جس پر ’’7‘‘ نمبر درج تھا وہ ساڑھے پانچ کروڑ درہم (ڈیڑھ کروڑ ڈالر) کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔
اس نمبر پلیٹ کی فروخت نے متحدہ عرب امارات کے ایک تاجر سعید خوری کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے یو اے ای میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ اس سے قبل 2008 میں ابوظہبی میں ہونے والی ایک چیریٹی نیلامی میں گاڑی کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ جس پر نمبر 1 درج تھا ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک میں مساکین کے لیے ایک مستحکم عطیہ مہم کے طور پر وقف فنڈ قائم کیا تھا۔ اس میں چیریٹی کے طور پر ضرورت مندوں کے لیے ایک ارب درہم (تقریباً 27 کروڑ ڈالر) اکٹھے کرنے کا ہدف ہے اور رمضان مہم کے طور پر عطیہ جمع کرنے کی مہم میں 87 ہزار سے زیادہ شراکت داروں نے نصف رمضان تک تقریبا 14 کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبداللہ القرقاوی نے بتایا ہے کہ عطیہ دہندگان کی جانب سے 51 کروڑ 40 لاکھ درہم کی بڑی امداد کاروباری اداروں، سرکاری و نجی شعبوں کے علاوہ انفرادی طور پر کمیونٹی کے مختلف طبقات کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے جو متحدہ عرب امارات میں فراخدلی کے کلچر کی گواہی دیتی ہے۔
گزشتہ تین برس سے جاری کی گئی یہ مہم کورونا کے دنوں میں رمضان 2020 کے دوران دس کروڑ فوڈ پیکٹ کے ساتھ عالمی وبا کے متاثرین کی حمایت میں اپنی نوعیت کا پہلا اور سب سے بڑا یکجہتی کا مظاہرہ تھا۔ دو سال قبل رمضان المبارک میں 10 کروڑ خوراک پیکٹ کی مہم چلائی گئی جو کہ عرب علاقوں، افریقہ اور ایشیا کے 20 ممالک میں دی جانے والی خوراک کی سب سے بڑی امدادی مہم تھی۔