فاسٹ ایکس کے شائقین ابھی پہلی فلم کے سحر سے ہی نہیں نکل پائے تھے کہ وین ڈیزل کی جانب سے فاسٹ ایکس کے دوسرے حصے کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے جو کہ 4 اپریل 2025 ہو گی۔
فاسٹ اینڈ فیوریس فیملی شاید اب اس سڑک کے اختتام کی جانب گامزن ہے جس پر وہ برسوں سے محو سفر ہے۔ تاہم اس سے قبل کچھ اور ہائی آکٹین ایڈونچرز فلم بینوں کو ضرور دیکھنے کو ملیں گے۔
پچھلے ماہ ریلیز ہونے والی اس فرنچائز کی فلم فاسٹ ایکس نے دنیا بھر سے اب تک 652 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔ شائقین یہ جاننے کے خواہشمند تھے کہ آئندہ کیا ہونے والا ہے، کیا ڈیوائن جانس کی اس فرنچائز میں واپسی کے بعد وہ وین ڈیزل کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔
وین ڈیزل نے باضابطہ طور پر فاسٹ ایکس پارٹ 2 کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان 12 جون کو سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے کرتے ہوئے بتایا کہ "4 اپریل 2025 یعنی کے 22 مہینوں سے بھی کم!” ساتھ میں انھوں نے فاسٹ ایکس کے مرکزی ولن موموا کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی۔
ڈیزل نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہماری فرنچائز کے تمام اداکار کو اس ورلڈ ساگا میں آنے کے بعد اظہار رائے کرنے اور تعاون کا احساس ہوتا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ اس بار جیسن کی خواہش تھی کہ کچھ مختلف اور بالکل خاص کیا جائے اور ہم ایک ایسا جاندار کردار تخلیق کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جسے دنیا کبھی نہیں بھلا پائے گی۔
مزید ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو نہیں جانتے کہ فاسٹ ایکس صرف ایک حصہ تھا، جان لیں کہ ہماری فاسٹ فیملی اور اسٹوڈیو کی طرف سے دوسرا حصہ ایک ایسی کوشش ہوگی جیسا کہ آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔