دوسرا ایشز ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

لارڈز میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز 2023 کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا کو جیت کے لیے 6 وکٹیں جب کہ انگلینڈ کو 257 رنز درکار ہیں۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین روایتی ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا دوسرا ٹیسٹ جاری ہے۔ اوول میں جاری ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 257 رنز درکار ہیں جب کہ آسٹریلیا کو اپنی برتری بڑھانے کے لیے حریف ٹیم کی صرف 6 وکٹیں اڑانی ہیں۔

جاری دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کی سنچری اور ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچری کی بدولت 416 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگ میں 325 رنز پر ہمت ہار بیٹھی تھی۔

پہلی اننگ میں 91 رنز کی برتری پانے کے بعد آسٹریلیا دوسری اننگ میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں انگلینڈ کو جیت کے لیے 371 رنز کا ہدف ملا تھا۔

چوتھے روز کے اختتام تک انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے تھے۔ بین ڈکٹ 50 اور بین اسٹوکس 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ برمنگھم میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے دو وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ اب تک کھیلی گئی 72 ایشز سیریز میں سے 34 میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی جب کہ 32 سیریز انگلینڈ نے اپنے نام کی ہوئی ہیں۔